اگست اور ستمبر میں ماہانہ بنیادوں پر اضافے کے باوجود رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کاروں کی فروخت 44 فیصد،ایس یو ویز، جیپ اور وینز کی فروخت 23 فیصد گر گئیں۔
ٹریکٹرز کی فروخت کے علاوہ دیگر گاڑیوں کی بھی مایوس کن کارکردگی رہی، ٹرکوں میں 47 فیصد، بسوں میں 32 فیصد، جبکہ موٹرسائیکلوں اور رکشوں کی فرخت 10 فیصد گھٹ گئی۔
مالی سال 2024 میں جولائی تا ستمبر کے دوران کاروں کی مجموعی فروخت 16 ہزار 21 یونٹس رہی، جو مالی سال 2023 کی اسی مدت میں 28 ہزار 571 ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ ستمبر میں فروخت بڑھ کر 6 ہزار 410 یونٹس ہوگئی، یہ تعداد اگست میں 5 ہزار 909 یونٹس اور جولائی میں 3 ہزار 702 یونٹس رہی تھی۔
ہونڈا سوک / سٹی کی فروخت 5 ہزار 45 یونٹس سے 63 فیصد گر کر ایک ہزار 860 رہی، جبکہ سوزوکی سوئفٹ کی فروخت 40 فیصد تنزلی کے بعد ایک ہزار 261 ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ مالی سال 2023 کی پہلی سہ ماہی میں 2 ہزار 116 یونٹس رہی تھی۔
ٹویوٹا کرولا اور یارس کی فروخت 6 ہزار 415 یونٹس کے مقابلے میں نصف کمی کے بعد 3 ہزار 236 یونٹس رہ گئی، اسی طرح سوزوکی کلٹس اور ویگن آر کی فروخت بالترتیب 55 فیصد اور 32 فیصد تنزلی کے بعد 814 اور 963 یونٹس ریکارڈ کی گئی، جس کی فروخت 1823 اور 1413 یونٹس رہی تھی۔
سوزوکی بولان اور آلٹو 660 سی سی میں بھی بالترتیب 54 فیصد اور 27 فیصد کی کمی دیکھی گئی، جس کی فروخت 1189 یونٹس اور 9 ہزار 283 یونٹس کے مقابلے میں 541 یونٹس اور 6 ہزار 760 یونٹس رہی۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سنی کمار نے ماہانہ بنیادوں پر فروخت میں اضافے کو سی کے ڈی کی درآمدات کے مسئلے میں کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر کمی کی وجہ بڑھتی قیمتیں، مہنگے قرضے اور صارفین کی کم قوت خرید کو قرار دیا ہے۔
مالی سال 2024 کی پہلی سہ ماہی میں پک اپس اور ایس یو ویز کی کل فروخت 4 ہزار 962 یونٹس رہی، جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 6 ہزار 431 ریکارڈ کی گئی تھی، ستمبر کے دوران ان کی فروخت بڑھ کر ایک ہزار 902 یونٹس ہوگئی، جو اگست میں ایک ہزار 670 یونٹس اور جولائی میں ایک ہزار 390 یونٹس رہی تھی۔
ٹویوٹا فارچیونر اور آئی ایم وی کی فروخت ایک ہزار 275 یونٹس رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں یہ تعداد 1453 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔
مالی سال 2024 کی پہلی سہ ماہی میں ہونڈا بی آر۔وی / ایچ آر۔وی کی فروخت 12 فیصد اضافے کے بعد 650 یونٹس رہی، جبکہ اس کی تعداد گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 581 یونٹس رہی تھی، سازگار ہوال کی فروخت 83 یونٹس کے مقابلے میں بڑے اضافے کے بعد 712 یونٹس تک پہنچ گئی۔
ہنڈائی پورٹر کی فروخت 347 یونٹس سے 6 فیصد بڑھ کر 368 یونٹس ہو گئی، جبکہ ہنڈائی سانٹافے نے بھی ستمبر میں 87 یونٹس کی پیداوار کے ساتھ پاما کے اعداد و شمار میں اضافہ کیا۔
ٹرکوں کی کل فروخت 852 سے 47 فیصد کم ہوکر 451 یونٹس رہ گئی، جبکہ بسوں کی فروخت 32 فیصد کمی کے ساتھ 141 کے مقابلے میں 96 یونٹس پر آگئی۔
ٹریکٹرز کی فروخت (فیاٹ اور میسی فرگوسن) میں 64 فیصد اضافے کے ساتھ زرعی اعشاریے میں بظاہر بحالی نظر آئی، جس کی فروخت مالی سال 2023 کی پہلی سہ ماہی کے 7 ہزار 368 یونٹس کے مقابلے میں بڑھ کر 12 ہزار 90 یونٹس ہوگئی۔
ہونڈا موٹرسائیکلوں کی فروخت مالی سال 2024 کی پہلی سہ ماہی میں 7 فیصد گراوٹ کے بعد 2 لاکھ 32 ہزار 139 یونٹس پر آگئی، جبکہ گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران یہ تعداد 2 لاکھ 50 ہزار 132 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔
سوزوکی موٹرسائیکلوں کی فروخت 62 فیصد تنزلی کے ساتھ 10 ہزار 7 یونٹس کے مقابلے میں 3 ہزار 775 یونٹس رہ گئی، جبکہ یاماہا موٹرسائیکلوں کی فروخت 31 فیصد گر کر 2 ہزار 555 رہ گئی، جس کی فروخت گزشتہ مالی سال 2023 کی پہلی سہ ماہی میں 3 ہزار 736 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔
یونائیٹڈ آٹو موٹرسائیکل اور روڈ پرنس موٹرسائیکل کی فروخت جولائی تا ستمبر 2024 کے دوران 21 ہزار 803 اور 4 ہزار 118 یونٹس رہی، جبکہ یہ تعداد گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 20 ہزار 369 اور 9 ہزار 273 ریکارڈ کی گئی تھی۔
مالی سال 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران چنگچی، سازگار، روڈ پرنس اور یونائیٹڈ کے تیار کردہ رکشوں کی فروخت بالترتیب ایک ہزار 335، 2 ہزار 876، 157 اور 218 رہی، یہ تعداد گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ایک ہزار 365، 2 ہزار 193، 636 اور 412 ریکارڈ کی گئی تھی۔