مالٹا میں صحافی کے قتل کیس میں پیش رفت کے بعد وزیراعظم جوزف مسکٹ نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
سال 2017 میں 53 سالہ صحافی ڈیفنی کیورنا گلیزیا مالٹا کے دارالحکومت ویلیٹا سے کچھ دوری پر واقع اپنے گھر سے روانہ ہوئیں تھیں کہ آبادی سے دور ان کی گاڑی میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئی تھیں۔
تاہم اب صحافی کے قتل کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی جس کے مطابق کیس میں گرفتار ڈرائیور نے برنس ٹائیکون یورگن فینچ کا نام لیا جس کو گزشتہ ہفتےگرفتار کیا گیا۔
سیاحت اور توانائی کے بزنس سے وابستہ ٹائیکون نے تفتیش میں انکشاف کیا کہ وزیراعظم کے چیف آف اسٹاف قتل کے منصوبےکا ماسٹر مائنڈ ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم جوزف مسکٹ صحافی ڈیفنی کاروانا گیلیزیا کے قتل کے بعد 2017 سے شدید تنقید کی زد میں تھے۔
ایسے میں ملزم کی گرفتاری کے بعد وزیراعظم نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
حکمران لیبرپارٹی کے مطابق مالٹا کے وزیراعظم جوزف مسکٹ 18 جنوری کو عہدہ چھوڑ دیں گے اور اسی دن نئے وزیراعظم کا انتخاب کیا جائےگا۔
گزشتہ ہفتے اسی کیس میں وزیراعظم کے چیف آف اسٹاف سمیت 2 وزراء بھی عہدوں سے مستعفی ہو گئے تھے۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز عدالت نے مرکزی ملزم فینچ پر باقاعدہ فرد جرم عائد کر دی اور ان کے اثاثے منجمد کرنےکا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ ڈیفنی انویسٹی گیٹو جرنلسٹ تھیں جنہوں نے 2016 میں وزیراعظم جوزف مسکٹ کی اہلیہ مچل اور دیگر حکومتی شخصیات کی آف شور کمپنیوں کا بھانڈا پھوڑا تھا تاہم وزیراعظم اور ان کی اہلیہ ہمیشہ آف شور کمپنیوں کی تردید کرتی آئی ہیں۔