مائیں اپنی صحت کا خیال کیسے رکھ سکتی ہیں؟

مائیں اپنی صحت کا خیال کیسے رکھ سکتی ہیں؟


ممتا ایسی چیز ہے کہ اپنے بچوں کیلئے مائیں اپنی جان کی بھی پروا نہیں کرتیں اور اسی کوشش میں لگی رہتی ہے کہ ان کے بچوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔

ماؤں کے گھر کا کام کبھی ختم نہیں ہوتا، گھر کی صفائی کرنی ہو، بچوں کی دیکھ بھال کرنی ہو، مہمانوں کی مہمان نوازی اور ڈھیروں کام کی ذمہ داری مائیں بغیر کوئی سوال کیے اپنے کندھوں پر لے لیتی ہیں۔

جو مائیں گھر کے کام کے ساتھ دفتر بھی جاتی ہیں ان کی ذمہ داریاں دگنی ہوجاتی ہیں، لیکن اس دوران اگر ماؤں کی صحت خراب ہوجائے تو تب بھی مائیں سب سے پہلے اپنی فیملی کی صحت کو ترجیح دیتی ہیں۔

اس دوران وہ بھول جاتی ہیں کہ اپنی صحت کا خیال رکھنا بھی کتنا ضروری ہے، اسی لیے آج ہم ماؤں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دن بھر میں کچھ وقت اپنے لیے نکال کر صرف اپنی صحت کے بارے میں سوچیں، اپنی دیکھ بھال کریں۔

نیند پوری کریں

اکثر کام کے دوران مائیں اپنی نیند پوری نہیں کرتیں، لیکن نیند پوری کرنا صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، اس لیے کوشش کریں کہ دن میں کچھ وقت آرام کے لیے نکالیں، اور رات کو بھی جلدی سونے کی کوشش کریں، رات کو جلدی سونا مشکل ہوسکتا ہے لیکن کوشش کریں کہ نیند کے شیڈول میں تبدیلی لائیں۔

نیند کی کمی سے ذیابطیس، دل کی بیماری، ڈپریشن ہوسکتا ہے۔

فوٹو: آن لائن
فوٹو: آن لائن

ورزش کریں

ہر کام کے لیے وقت نکالنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، لیکن 24 گھنٹوں کے دوران 30 منٹ بھی ورزش کے لیے نکالیں گے تو آپ کی صحت کے لیلے فائدہ مند ہوگا۔

اگر آپ ورزش کے لیے وقت نہیں نکال سکتے تو روزمرہ کے کاموں میں اسے شامل کریں مثال کے طور پر اگر آپ گروسری اسٹور جارہے ہیں تو پیدل چلے جائیں، رات کو کھانے کے بعد کچھ دیر کے لیے گھر میں واک کرلیں۔

صحت بخش کھانے کا انتخاب

گھر میں ہزاروں کاموں کے درمیان کچھ مائیں اپنا کھانا بھول جاتی ہیں، گھر میں اگر چھوٹے بچے ہوں تو کھانے کے لیے ٹائم نکالنا اور بھی مشکل ہوجاتا ہے، بچوں کے کپڑے تبدیل کرنا، انہیں کھانا کھلانا، ان کے پیچھے بھاگتے رہنا، اس دوران اپنے لیے بالکل وقت نہیں نکال پاتیں۔

تاہم اگر کچھ وقت اپنے لیے نکال بھی لیں تو فاسٹ فوڈ کا انتخاب کیا جاتا ہے، اس لیے ماؤں کو چاہیے کہ فاسٹ فوڈ کھانے کے بجائے کچھ پھل کھا لیں، بچوں کو کھلانے کے ساتھ ساتھ خود بھی کھا لیں، یا اگر آپ دفتر جاتی ہیں تو لنچ باکس میں ایسے پکوان شامل کریں جن میں غذائی اجزا، وٹامن سے بھرپور اجزا شامل ہوں۔

فوٹو: آن لائن
فوٹو: آن لائن

تناؤ میں کمی لائیں

تناؤ آپ کی ذہنی اور جسمانی صحت پر منفی اثرات ڈالتا ہے، لیکن آپ کو اس سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا، اسے آپ نظر انداز نہیں کرسکتے، اس لیے کام کے پیچھے بھاگنے کے بجائے تسلی کریں، روزمرہ کے کاموں میں تبدیلی لائیں اور دوستوں کے ساتھ ملاقات کے لیے جائیں تاکہ آپ کا موڈ بھی بہتر ہوسکے۔

ڈاکٹر سے رجوع کریں

اگر آپ کے پاس اپنے بچے کو ماہانہ چیک اپ کے لیے ڈاکٹر کے پاس جانے کا وقت ہے تو یہی کام آپ کو اپنے ساتھ بھی کرنا ہوگا، دو ماہ میں ایک بار ڈاکٹر کے ساتھ لازمی جائیں، اپنی صحت کے بارے میں جانیں، کیونکہ اگر آپ کی صحت اچھی ہوگی تبھی آپ اپنی فیملی کا خیال رکھ سکیں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں