لاہور:
ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں لوکل امپائرز کا تجربہ ناکام ثابت ہونے لگا،البتہ ریویو سسٹم کام آگیا، ابتدائی دو دن میں رچرڈکیٹل برو3 اور رچرڈالنگورتھ2غلط فیصلوں کے مرتکب ہوئے،ناقدین طنز کرتے ہوئے درست ریویو لینے والے مہمان کپتان جیسن ہولڈر کو ہی بطورامپائر کھڑا کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال میں آئی سی سی گائیڈ لائنز میں مقامی امپائرز کے تقررکی حوصلہ افزائی ہوئی تھی، ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ کے دونوں امپائرز رچرڈ النگورتھ اور رچرڈ کیٹل برو ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، میزبان ٹیم کی بولنگ کے دوران امپائرنگ پر انگلیاں اٹھائی گئی ہیں، مہمان کپتان جیسن ہولڈر نے رچرڈ کیٹل برو کے 3 فیصلوں کیخلاف ریویو لیا اور تینوں بار درست ثابت ہوئے، شینن گبریل نے روری برنز کو 30 پر ایل بی ڈبلیو کیا تو امپائر ٹس سے مس نہ ہوئے، جیسن ہولڈر نے ریویو کا سہارا لیتے ہوئے ان کو غلط ثابت کر دیا۔
کپتان نے خود زاک کرولی کو 10 پر ایل بی ڈبلیو کیا تب بھی رچرڈ کیٹل برو نے انگلی کھڑی نہیں کی، یہ فیصلہ بھی ریویو پر تبدیل ہوگیا، میزبان امپائر تیسری بار بھی غلط ثابت ہوئے، جیسن ہولڈر نے جوفرا آرچر کو کھاتہ کھولنے سے قبل ایل بی ڈبلیو کیا تو ان کو ایک بار پھر تھرڈ امپائر سے رجوع کرکے وکٹ حاصل ہوئی،بعد ازاں ویسٹ انڈیز کی اننگز میں جیمز اینڈرسن کی گیندوں پر جان کیمبل کو 12 اور 24 پر ایل بی ڈبلیو کے فیصلے غلط ثابت ہوئے،رچرڈ النگورتھ کو سبکی اٹھانا پڑی،میزبان امپائرز کا چھٹا ایل بی ڈبلیو فیصلہ درست ثابت ہوا جب النگورتھ نے جان کیمبل کو آؤٹ قرار دیا۔