لندن کے علاقے سیون کنگز میں چاقو زنی کی واردات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے دارالحکومت لندن کے علاقے سیون کنگز میں چاقو زنی کی واردات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعہ سیون کنگز اسٹیشن کے قریب ایلمسٹیڈ روڈ پر پیش آیا ۔
چاقو کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے، دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
لندن پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی عمریں 30 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔
میٹروپولیٹن پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں سیکشن 60 نافذ کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
سیکشن 60 کے تحت پولیس کسی بھی شخص کو روک کر تلاشی لے سکتی ہے اور اس سے پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نومبر 2019 میں بھی لندن میں چاقو زنی کے واقعے میں ایک 26 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا تھا۔
نوجوان چاقوکے وار کے باعث شدید زخمی حالت میں گاڑی چلا رہا تھا جو کہ حادثے کا شکار ہوگئی تھی ۔
ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس برطانیہ میں چاقو زنی کے واقعات میں 127 افراد ہلاک ہوئے تھے۔