لاہور: معروف نجی انگریزی میڈیم اسکول میں طالبات کے ساتھ جنسی ہراسانی کے واقعے پر استاد سمیت چار افراد کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
جیو نیوز کے مطابق طالبات نے جنسی ہراسانی کا الزام فارغ التحصیل طلبہ کے استاد سمیت چار افراد پر عائد کیا جس پر اسکول انتظامیہ نے چاروں کو ملازمت سے نکال دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں افراد کے خلاف کوئی درخواست نہیں ملی۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی پنجاب نے جیو نیوزکی خبر کا نوٹس لے کر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے بھی سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ لاہور کے 2 نجی تدریسی اداروں میں بچیوں اور خواتین سے ہراسانی کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت کے ریجنل دفاتر ہراسانی کے واقعات پر الرٹ ہیں، شکایت اور مدد کیلئے وزارت کی ہیلپ لائن 1099 دستیاب ہے۔