لاہور قلندرز کے قائد سینئرز کا ساتھ میسر آنے پر مسرور


لاہور: 

 لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر مشکل مہم جوئی میں سینئرز کا ساتھ میسر آنے پر مسرور ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل اختر نے کہا کہ محمد حفیظ اور سلمان بٹ جیسے سینئرز کا ساتھ میسر ہونا بڑی خوش قسمتی کی بات ہے،قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے انھوں نے جو تجربہ حاصل کیا وہ ٹیم کے کام آئے گا، میں پُرامید ہوں کہ دونوں مستقبل میں بھی میری سپورٹ جاری رکھیں گے۔

ایک سوال پر سہیل اختر نے کہا کہ ایک شاندار فرنچائز کی قیادت بڑے اعزاز کی بات ہے، مجھ پرکوئی دباؤ نہیں ہوگا، مجھے گذشتہ 3 سال سے اس ذمہ داری کے لیے تیار کیا جا رہا تھا، ابوظبی کپ اور آسٹریلیا میں سیریز کے دوران قیادت کر چکا ہوں۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ حارث رؤف ایک اعلی معیار کے بولر اور بگ بیش لیگ میں زبردست پرفارم کر چکے ہیں، پی ایس ایل میں ان سے بڑی توقعات وابستہ ہوں گی۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید پُراعتماد ہیں کہ اس بار ٹیم ماضی کی شکستوں کو بھلا کر اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوگی، انھوں نے کہا کہ گذشتہ سیزنز میں ہماری کارکردگی مایوس کن رہی لیکن امید ہے کہ اس بار نتائج مختلف ہوں گے،ٹیم کی سابقہ پرفارمنس پرمجھے تنقید کا سامنا کرنا پڑا جو جائز بھی ہے، میں لاہور قلندرز کا ہیڈکوچ ہوں، مثبت نتائج کیلیے اپنے طور پر بہترین کوشش کی ہے، رواں سیزن بھی کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں