لاہور میں سیف سٹی پروجیکٹ کی مدد سے نوسرباز گینگ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سیف سٹی نے نوسر بازوں کی واردات کرتے ہوئے ویڈیو جاری کر دی ہے، اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 6 رکنی گروہ نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں شہری کی بینک سے نکلوائی جانے والی 15 لاکھ سے زائد کی رقم لوٹی، پہلے نو سر بازگینگ کے سرغنہ نے بینک میں شہری کی ریکی کی پھر گینگ کے دیگر ممبران نے شہری کی گاڑی کے پاس پیسے پھینکے اور اسے باتوں میں الجھا کر اس کی گاڑی سے اس کی رقم نکال لی۔
بعد ازاں سیف سٹی ٹیم نے تمام شواہد اور ملزمان کی ویڈیوز پولیس کے حوالے کردی تھی جس کی مدد سے پولیس نے گینگ ممبران کو گرفتار کیا، پولیس نے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے شہری کے حوالے بھی کر دی ہے۔
ترجمان سیف سٹی کا پیغام ہے کہ شہری محتاط رہیں اور ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فورا 15 پر اطلاع دیں۔