لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور پنجاب میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حمزہ 3 روز سے بخار میں مبتلا ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے فوری اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے علاج کے لیے تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کی جائیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ علاج میں سستی یا لاپرواہی سے حمزہ شہباز کی صحت خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔
ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ حمزہ، نواز شریف کا بھتیجا اور شہباز شریف کا بیٹا ہونے کے جرم میں ناحق سزا پا رہا ہے، حمزہ شہباز بہادری سے نیب نیازی اندھیر نگری چوپٹ راج کے سامنے ڈٹا ہوا ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ بدترین سیاسی انتقام حمزہ شہباز کے عزم کو متزلزل نہ کرسکا۔
سب حمزہ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں: شہباز شریف
مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے بیٹے حمزہ کو جیل میں کورونا ہو گیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشرف دور کے بعد حمزہ اب نیب نیازی انتقام کا ثابت قدمی سے سامنا کر رہا ہے، سب سے درخواست ہے کہ حمزہ کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔