پاکستان کرکٹ ٹیم کے قومی کھلاڑی نے بلقیس ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق کپتان آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا کہ بلقیس ایدھی بہت سارے یتیموں کی ماں، بہت سے غم زدہ دلوں کی بہن انسانیت کا مہربان چہرہ تھیں۔
شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ بلقیس ایدھی نے ہمیشہ عبدالستار ایدھی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر ان کی فلاحی کاوشوں میں حصہ لیا اور ان کے بعد بھی ان کا مشن جاری رکھا۔
شاہد آفریدی نے انکے لیے دُعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ اللہ ان کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
اس کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہم نے ہزاروں لوگوں کی ماں اور ایک رول ماڈل کھو دیا ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ بلقیس ایدھی کی بے مثال میراث زندہ رہے گی۔
دوسری جانب اپنے ٹوئٹر پیغام میں شاداب خان نے بلقیس ایدھی اور عبدالستار ایدھی کی ایک یادگار تصویر شیئر کی، اور کہا کہ بلقیس ایدھی صاحبہ ہم آپ کو سلیوٹ کرتے ہیں۔
شاداب خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ انسانیت کے لیے آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ بلقیس ایدھی کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آپ کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے نامور فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کی شریک سربراہ بلقیس ایدھی 74 سال کی عمر میں کراچی کے نجی اسپتال میں دوران علاج چل بسیں، جہاں وہ ایک ماہ سے زیر علاج تھیں۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق بلقیس ایدھی عارضہ قلب سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھیں۔
رمضان سے 2 دن پہلے انہیں دل کا دورہ بھی پڑا تھا، اس کے بعد سے وہ اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔