اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہےکہ امیر قطر کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی، ہم نے دنیا کو پرامن بنانے کیلئے یہ جنگ لڑی، پاک فوج اور دیگر اداروں نے عظیم قربانیاں دیں، پاکستان نے قیمتی جانوں کے ساتھ معاشی شعبے میں بھی بے مثال قربانی دی۔
انہوں نےکہا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کو پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کررہے ہیں، وزیراعظم نے عالمی سطح پرپاکستان کا مثبت تشخص اجاگرکیا، پاکستان عالمی سطح پرتنہائی کا شکار ہوچکا تھا، وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو عالمی تنہائی سے نجات دلائی اور امیر قطر کا دورہ پاکستان وزیراعظم کی کامیاب پالیسیوں کا عکاس ہے، وزیراعظم پاکستان کی عالمی تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے قطر کا اہم کردار ہے، امیر قطر کے براہ راست سرمایہ کاری اور ڈپازٹ کیلئے 3 ارب ڈالر دینے پر شکر گزار ہیں، امیر قطر کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد ہے، پاکستان کی قطر کے ساتھ نئی شراکت داری دوطرفہ تعلقات کا نیا آغاز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی عوام اور ملک کے مفاد میں ایک اور کوشش رنگ لائی ہے، بہت جلد پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے کامیابی سے نمٹیں گے، بہت جلد پاکستان دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری سے معاشی خسارے سے نکلنے میں مدد ملے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ قطر نے پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندیاں ہٹا دی ہیں، پابندیاں ہٹنے سے پاکستانی باسمتی چاول قطر اور دیگر مشرقی وسطیٰ کے ممالک میں جائے۔