قذافی اسٹیڈیم کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم


لاہور: 

 قذافی اسٹیڈیم کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم کردیا گیا، اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات، رینجرز بھی موجود ہیں،ٹیموں کی آمدورفت کے روٹ کی کڑی نگرانی ہورہی ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے مابین جمعے کو ہونے والے میچ کیلیے قذافی اسٹیڈیم میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات،ساتھ رینجرز بھی موجود ہیں،نشتر پارک کے علاقے میں عام شہریوں کی آمدورفت معطل کردی گئی،گذشتہ روز دونوں ٹیمیں پریکٹس کیلیے آئیں تو روٹ اور اسٹیڈیم کے اطراف میں ایک ایک حرکت پر نظر رکھی گئی۔

ہیلی کاپٹر بھی نشتر پارک کے اوپر بار بار پرواز کرتا رہا، ٹیموں کی واپسی پر بھی سخت سیکیورٹی دیکھی گئی،بعد ازاں اطراف سے آنے والی سڑکیں عام ٹریفک کیلیے کھول دی گئیں،جمعے کو پولیس کے 10 ہزار سے زائد افسران و جوان سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے، تین مقامات پر رینجرز کے جوان بھی موجود رہیں گے۔

پاک فوج کی ایک کمپنی بھی آن بورڈ ہوگی، ریسکیو 1122 کے 600 اہلکار و24 ایمبولینسز ڈیوٹی پر ہوں گی، نجی ہوٹل اور اسٹیڈیم میں عارضی 10 بیڈ کا اسپتال قائم کر دیا گیا ہے، ایف سی کالج، لبرٹی، ایل ڈی اے پارکنگ پلازا اور پنجاب یونیورسٹی ہاسٹلز گراؤنڈ میں مختص پارکنگ مقامات سے شائقین کو مفت شٹل سروس کے ذریعے متعلقہ گیٹ تک پہنچایا جائے گا، اس مقصد کیلیے 40 کوچز دستیاب ہونگی۔

شائقین کو میٹل ڈیٹیکٹرز سے چیک کرنے کے ساتھ واک تھرو گیٹ سے گزارا جائے گا، ٹکٹوں کے ہمراہ شناختی کارڈ بھی لانا ہوگا، اس کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی، کوور کیے جانے والے علاقوں میں گیس سے چلنے والی گاڑیاں یا سلنڈرز لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔


اپنا تبصرہ لکھیں