خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے 7 قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں آزاد امیدواروں نے 6، تحریک انصاف نے 5 اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی۔
گزشتہ روز کے پی کے میں انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کیلئے پہلی بار الیکشن کا انعقاد ہوا۔
صوبائی اسمبلی کے 16 حلقوں میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا، شام 5 بجے پولنگ کا عمل ختم ہوا۔
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کی 16 صوبائی نشستوں کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد امیدواروں نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جب کہ پاکستان تحریک انصاف نے 5 اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، ایک ایک نشست جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی کے حصے میں آئی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج
پی کے 100 باجوڑ 1 (پی ٹی آئی کے انور زیب کامیاب)
پاکستان تحریک انصاف کے انور زیب خان 12 ہزار 951 ووٹ لیکر کامیاب رہے جب کہ جماعت اسلامی کے وحید گل 11 ہزار 775 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر آئے۔
پی کے 101 باجوڑ 2 (پی ٹی آئی کے اجمل خان کامیاب)
پاکستان تحریک انصاف کے اجمل خان 12 ہزار 194 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جب کہ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ ہارون الرشید 10 ہزار 468 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 102 باجوڑ 3 (جماعت اسلامی کے سراج الدین کامیاب)
جماعت اسلامی کے سراج الدین 19 ہزار 88 ووٹ لیکر فاتح قرار پائے جب کہ پی ٹی آئی کے حمید الرحمان 13 ہزار 436 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 103 مہند 1 (اے این پی کے نثار احمد کامیاب)
عوامی نیشنل پارٹی کے نثار احمد 11 ہزار 247 ووٹ لیکر کامیاب رہے جب کہ پی ٹی آئی کے رحیم شاہ 9 ہزار669 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 104 مہمند 2 (آزاد امیدوار عباس الرحمان کامیاب)
آزاد امیدوار عباس الرحمان 11 ہزار 751 ووٹ لیکر کامیاب رہے جب کہ جے یو آئی ( ف ) کے محمد عارف 9 ہزار 801 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 105 خیبر 1 (آزاد امیدوار شفیق آفریدی کامیاب)
آزاد امیدوار شفیق آفریدی 19 ہزار 733 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جب کہ آزاد امیدوار شیرمت خان 10 ہزار 745 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
اس حلقے میں قومی اسمبلی کی نشست پر تحریک انصاف کے امیدوار نورالحق قادری کامیاب ہوئے تھے جو اب وفاقی وزیر مذہبی امور ہیں۔ یوں نورالحق قادری کے اپنے حلقے میں ان کا حریف امیدوار کامیاب ہو گیا ہے۔
پی کے 106 خیبر 2 (آزاد امیدوار بلاول آفریدی کامیاب)
پاکستان تحریک انصاف کے بلاول آفریدی 12 ہزار 814 ووٹ لیکر فاتح ٹھہرے جب کہ آزاد امیداور خان شید آفریدی 6 ہزار 297 ووٹ لیکر دوسرے نمبر آئے۔
پی کے 107 خیبر 3 (آزاد امیدوار محمد شفیق کامیاب)
آزاد امیدوار محمد شفیق 9 ہزار 796 ووٹ لیکر کامیاب رہے جب کہ آزاد امیدوار حمید اللہ جان آفریدی 8 ہزار 428 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 108 کرم 1 (جے یو آئی کے محمد ریاض کامیاب)
جے یوآئی (ف) کے محمد ریاض 11 ہزار 948 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جب کہ آزاد امیدوار جمیل خان 11 ہزار517 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 109 کرم 2 (پی ٹی آئی کے سید اقبال کامیاب)
پی ٹی آئی کے سید اقبال میاں 39 ہزار 536 ووٹ لیکر جیتے جب کہ دوسرا نمبر آزاد امیدوار عنایت علی کا رہا جنہوں نے 22 ہزار 975 ووٹ حاصل کیے۔
پی کے 110 اورکزئی (آزاد امیدوار سید غازی کامیاب)
سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار سید غازی غزن جمال 18 ہزار 448 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جب کہ پی ٹی آئی کے شعیب حسن 14 ہزار 699 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر آئے۔
پی کے 111 شمالی وزیرستان 1 (پی ٹی آئی کے محمد اقبال کامیاب)
پاکستان تحریک انصاف کے محمد اقبال خان 10 ہزار 200 ووٹ لیکر کامیاب رہے جب کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سمیع الدین 9 ہزار 228 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر آئے۔
پی کے 112 شمالی وزیرستان 2 (آزاد امیدوار میر کلام کامیاب)
پی کے 112 شمالی وزیرستان 2 سے آزاد امیدوار میر کلام خان 12 ہزار 57 ووٹ لےکر کامیاب ہوئے، جمعیت علماء اسلام (ف) کے صدیق اللہ 7 ہزار 978 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 113 جنوبی وزیرستان1 (جے یو آئی کے حافظ عصام الدین کامیاب)
جمیعت علماء اسلام (ف) کے حافظ عصام الدین 10 ہزار 356 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ آزاد امیدوار وحید زمان 9 ہزار 679 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 114 جنوبی وزیرستان 2 (پی ٹی آئی کے نصیر اللہ کامیاب)
تحریک انصاف کےنصیراللہ خان 11 ہزار 114 ووٹ لیکر کامیاب رہے جب کہ آزاد امیدوار محمد عارف 10 ہزار 272 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر آئے۔
پی کے 115 سابقہ فرنٹیئر ریجنز (جے یو آئی کے محمد شعیب کامیاب)
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق جے یو آئی کے محمد شعیب 18 ہزار 102 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ پی ٹی آئی کے عابد الرحمان 18 ہزار 28 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 14 روز میں جاری کیا جائے گا: الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن کے مطابق قبائلی اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے لیے الیکشن کے نتائج مکمل ہوگئے ہیں اور کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن 14 روز کے اندر جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آزاد امیدواروں کو کسی جماعت میں شمولیت کے لیے نوٹیفیکشن کے بعد 3 روز دیے جائیں گے اور آزاد امیدواروں کے فیصلے کے بعد 4 خواتین اور ایک اقلیتی نشست کا فیصلہ ہوگا۔
کن اضلاع میں ووٹنگ ہوئی؟
ضلع باجوڑ میں صوبائی اسمبلی کی تین، ضلع مہمند میں دو، ضلع خیبر میں 3، ضلع کرم میں 2 اور ضلع اورکزئی میں ایک صوبائی نشست کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔
ضلع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی 2،2 نشستوں کیلئے پولنگ ہوئی، اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سابق فرنٹیر ریجن میں ایک صوبائی نشست رکھی گئی ہے۔
پی کے 115 کے علاقوں میں جانی خیل، بٹہ خیل، جنگل خیل، تحصیل لالچی، تحصیل گمبٹ اور تحصیل درہ آدم خیل شامل ہیں۔
عام نشستوں پر 282 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ خواتین کی 22 اور اقلیتوں کی 6 مخصوص نشستیں ہیں۔
خواتین کا سی سی ٹی وی کیمروں پر تحفظات کا اظہار
ضلع کرم میں خواتین ووٹرز نے سی سی ٹی وی کیمروں پر تحفظات کا اظہار کیا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ڈی آر او کرم ایجنسی کو ٹیلی فون کر کے خواتین کے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن الطاف حان کا کہنا ہے کہ ڈی آر او نے خواتین کو یقین دہانی کرائی کہ کیمرے صرف سکیورٹی کے لیے ہیں، تحفظات دور ہونے پر خواتین نے ووٹ کاسٹ کیے۔
حساس پولنگ اسٹیشنز کے اندر و باہر فوج تعینات
16 حلقوں میں انتخابات کیلئے 1897 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جن میں سے 464 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا، تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے تھے۔
شکایات اور نتائج موصول کرنے کے لیے الیکشن کمیشن میں سیل قائم کیا گیا جو 20 اور 21 جولائی کو 24 گھنٹے کام کرے گا۔
الیکشن سے متعلق شکایات 0519210809 اور 0519210810 پر موصول کی جائیں گی۔
ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان پرانے سسٹم کے ذریعے کیا جائے گا۔
پریزائیڈنگ افسر فارم 45 پولنگ ایجنٹس کے حوالے کرے گا اور ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچائے گا جہاں سے نتائج الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کر دیئے جائیں گے۔
برطانوی ہائی کمشنر کی قبائلی عوام کو مبارکباد
برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ایک بیان میں خیبر پختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق فاٹا کے عوام کیلئے یہ ایک تاریخی دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق فاٹا کے عوام پہلی مرتبہ خیبر پختونخوا اسمبلی کیلئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کر رہے ہیں، دعا ہے وہ اس عمل کو محفوظ اور آزادانہ طریقے سے مکمل کریں۔