لاہور:
قائمہ کمیٹی کوانگلینڈ میں چھٹیاں گزارنے والے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی یاد آ گئی، نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کی ستم ظریفی کا شکار ہوکر بے روزگار ہونے والے کرکٹرز سمیت مختلف معاملات پر بریفنگ کیلیے21 جولائی کو طلب کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بورڈ کے سربراہ کی عدم موجودگی میں دیگر اعلیٰ آفیشلزمیں سے کسی کو پیش ہونا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے کرکٹرز کی بے روزگاری کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کو طلب کرلیا ہے، نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں ڈپارٹمنٹس اور ریجنز ختم کرکے صرف 6 صوبائی ایسوسی ایشن کی ٹیمیں متعارف کرائی گئی ہیں،ان کی وجہ سے سینکڑوں کرکٹرز بے روز گار ہو چکے۔
دوسری جانب انتظامی کمیٹیاں تشکیل نہ دیے جانے کی وجہ سے گراؤنڈ اسٹاف اور دیگر متعلقہ عملہ بھی سخت پریشان ہے، بے روزگار ہونے والے ان افراد نے وزیراعظم اور پی سی بی کے چیف پیٹرن عمران خان کو خط میں اپنی فریاد سنائی ہے۔
قائمہ کمیٹی نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ری اسٹرکچرنگ پربریفنگ لینے کا فیصلہ کرلیا،کرکٹ، ہاکی، اسکواش، ایتھلیٹکس سمیت دیگر کھیلوں میں ناقص پرفارمنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔