ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک اور سنچری بناڈالی، قائد اعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں یہ ان کی چوتھی سنچری ہے۔
فواد عالم نے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے بلوچستان کے خلاف 12 چوکوں اور ایک چھکےکی مدد سے 116 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے فواد عالم کی 165 فرسٹ کلاس میچز میں یہ 34 ویں سنچری ہے جب کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں یہ ان کی 9 ویں سنچری ہے۔
قائد اعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں میں فواد عالم نے اب تک 10 میچوں میں 71 کی اوسط سے 781 رنز بنائے ہیں جس میں ان کی 4 سنچریاں ہیں جن میں سے ایک ڈبل سنچری بھی ہے۔
ان کے علاوہ قائد اعظم ٹرافی میں سمیع اسلم ، عمران بٹ اور اشفاق احمد بھی 4،4 سنچریاں بنا چکے ہیں۔
امید ہے اب موقع ملے گا، فواد عالم
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد عالم نے کہا کہ انہوں نے امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑا، اس بار بھی امید ہے کہ انہیں موقع ملے گا ۔
فواد عالم کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کے فرسٹ کلاس ریکارڈز ایسے ہیں کہ بڑے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ ان کا نام آتا ہے۔ موقع ملا تو کوشش ہوگی کہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں ہی شعبوں میں اچھا پرفارم کروں۔
فواد عالم کی مسلسل شاندار کارکردگی کے بعد سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز میں انہیں پاکستانی اسکواڈ میں جگہ ملنے کا امکان ہے۔
فواد عالم نے پاکستان کی جانب سے اپنا آخری ٹیسٹ دس سال قبل نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلا تھا۔