سنچورین: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نسل پرستانہ فقرے پر جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر فیلوک وائیو سے معافی مانگ لی۔
کپتان سرفراز احمد نے تیسرے ایک روزہ میچ سے قبل جنوبی افریقی آل راؤنڈر فیلوک وائیو سے ملاقات کی۔
سرفراز نے ملاقات کی تصویر ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ فیلوک وائیو نے ان کی معذرت قبول کرلی ہے اور انہیں امید ہے کہ جنوبی افریقا کی عوام بھی ان کی معذرت قبول کرے گی۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت حسین اور جنوبی ٹیم کے منیجر محمد موسیٰ جی بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ڈربن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں شکست کو سامنے دیکھ کر آپے سے باہر ہوگئے تھے۔
سرفراز احمد جنوبی افریقا کے سیاہ فام کھلاڑی فیلوک وائیو کے حوالے سے تضحیک آمیز جملے ادا کیے تھے جس پر وہ پہلے بھی معافی مانگ چکے ہیں۔
میچ ریفری نے مذکورہ واقعے کی رپورٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھی بھیج دی تھی تاہم آئی سی سی کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔