فیس بک کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ

فیس بک کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ


فیس بک کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا۔

2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران دنیا کے سب سے بڑے سوشل نیٹ ورک کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ایک ارب 96 کروڑ رہی جو اکتوبر سے دسمبر 2021 کے دوران ایک ارب 93 کروڑ تھی۔

کمپنی کی جانب سے جنوری سے مارچ 2022 کی سہ ماہی کے اعدادوشمار جاری کیے گئے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اکتوبر سے دسمبر 2021 کے دوران فیس بک کی تاریخ میں پہلی بار اس سوشل نیٹ ورک کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں کمی آئی تھی جس کے نتیجے میں اس کے حصص کی قیمتیں 26 فیصد سے بھی زیادہ کم ہوگئی تھیں۔

مگر اب روزانہ صارفین کی تعداد میں اضافے حصص کی قیمتوں میں لگ بھگ 20 فیصد اضافہ ہوا۔

فیس بک کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2 ارب 94 کروڑ رہی۔

کمپنی نے بتایا کہ انسٹاگرام، واٹس اور دیگر سروسز کو ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 2 ارب 87 کروڑ ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔

میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے فیس بک کو درپیش چیلنجز بشمول ایپل کی پرائیویسی تبدیلیاں، یوکرین اور روس کی جنگ کا ذکر بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں جن سوالات کا سامنا ہے وہ راتوں رات حل نہیں ہوسکتے، مگر ہمیں پہلے بھی متعدد مسائل کا سامنا ہوا ہے تو ہمیں اعتماد ہے کہ ہم اس دور سے بھی گزر جائیں گے۔

مارک زکربرگ نے بتایا کہ انسٹاگرام میں مختصر ویڈیوز کا فیچر ریلز تیزی سے مقبول ہورہا ہے اور اس فوٹو شیئرنگ ایپ کو استعمال کرنے والے افراد کا 20 فیصد وقت ان ویڈیوز کو دیکھتے ہوئے گزرتا ہے۔

خیال رہے کہ ریلز کا فیچر ٹک ٹاک کی نقل ہے اور اس مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کمپنی نے ریلز میں زیادہ اشتہارات دکھانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

میٹا نے جنوری سے مارچ کے دوران 27.9 ارب ڈالرز کمائے جو تجزیہ کاروں کی توقعات سے کم تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں