فیس بک نے خاموشی سے جہاں ویڈیو فیچر میں تبدیلی کردی، وہیں پلیٹ فارم کی جانب سے جلد ہی ویڈیوز کے لیے نئے فیچرز پیش کرنے کا اعلان بھی کردیا گیا۔
فیس بک نے اپنے ویڈیو سیکشن میں ’فیس بک واچ‘ کا نام تبدیل کرکے صرف ’ویڈیوز‘ کردیا جب کہ اسی سیکشن میں ایک نئے سیکشن ’ایکسپلورر‘ کا بھی جلد اضافہ کردیا جائے گا۔
’ایکسپلورر‘ میں صارفین ٹرینڈنگ ویڈیوز دیکھ سکیں گے، ساتھ ہی مذکورہ سیکشن میں پلیٹ فارم کی جانب سے تجویز کردہ ویڈیوز بھی ہوں گی۔
اسی طرح فیس بک کی جانب سے ’ویڈیو‘ سیکشن کو مزید بہتر بنا کر ہر طرح کی ویڈیوز کو ایڈٹ کرنے کا فیچر بھی پیش کیا جائے گا۔
اس وقت اگرچہ فیس بک پر ریلز کو ایڈٹ کرنے کا آپشن موجود ہے، تاہم جلد ہی پلیٹ فارم پر طویل دورانیے کی ویڈیوز کو بھی ایڈٹ کرنے کا فیچر پیش کردیا جائے گا۔
فیس بک کا منصوبہ ہے کہ پلیٹ فارم پر ویڈیو کے سیکشن کو سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام کی طرح بنایا جائے جو کہ ٹک ٹاک کی کاپی ہے۔
فیس بک نے پلیٹ فارم پر 2017 میں ’فیس بک واچ‘ کے نام سے ویڈیوز کا فیچر پیش کیا تھا، جس کے بعد اس میں مسلسل بہتری کی گئی اور پھر پلیٹ فارم پر ریلیز بھی پیش کیے گئے۔
فیس بک پر ریلیز اور ویڈیوز دیکھنے میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد کمپنی پلیٹ فارم پر ویڈیوز کے سیکشن کو مزید بہتر بنانے کے لیے پر عزم ہے۔