فیس بک میسینجر پر پرائیویسی فیچرز کی آزمائش

فیس بک میسینجر پر پرائیویسی فیچرز کی آزمائش


دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا فیس بک کے چیٹنگ انباکس یعنی میسینجر پر پرائیویسی کے متعدد فیچرز کی آزمائش شروع کردی گئی۔

میسینجر کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ایپلی کیشن کے پیغامات کو زیادہ محفوظ بنانے کے لیے ’اینڈ ٹو اینڈ‘ فیچرز کی آزمائش شروع کی جا رہی ہے۔

’اینڈ ٹو اینڈ‘ فیچرز کے تحت اب صارفین کے درمیان ہونے والے پیغامات کو مذکورہ افراد کے علاوہ فیس بک یا کوئی تیسری پارٹی بھی نہیں دیکھ سکے گی، نہ ہی کسی تیسری پارٹی کو ان پیغامات پر کسی طرح کی کوئی رسائی ہوگی۔

بلاگ پوسٹ کے مطابق نئے فیچرز کے تحت جہاں جلد ہی صارفین اپنے تمام پیغامات کو ’اینڈ ٹو اینڈ‘ کر سکیں گے، وہیں انہیں اپنی چیٹ ہسٹری کو بھی ’اینڈ ٹو اینڈ‘ محفوظ رکھنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

یعنی میسینجر چیٹ میں ایسا فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا کہ صارفین چاہیں تو کسی چیٹ کو طویل عرصے تک محفوظ رکھ سکیں اور اسی چیٹ کو موبائل یا کمپیوٹر ضائع ہونے پر واپس حاصل کرسکیں۔

اسی فیچر کے استعمال کے لیے کمپنی صارفین کو ’اینڈ ٹو اینڈ‘ چیٹ ہسٹری محفوظ رکھنے کے لیے پاس ورڈ یا پن بنانے کے آپشن فراہم کرے گی۔

میسینجر انتطامیہ کے مطابق مذکورہ پرائیویسی فیچرز کے تحت کالز کو بھی ’اینڈ ٹو اینڈ‘ بنایا جا رہا ہے، یعنی میسینجر پر کی جانے والی کالز تک بھی کسی تیسری پارٹی کو رسائی نہیں ہوگی۔

بلاگ پوسٹ میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی کہ میسینجر میں دیگر بھی کئی دلچسپ فیچر متعارف کرائے جانے پر کام جاری ہے اور جلد ہی صارفین نئے فیچرز استعمال کر سکیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں