سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک جنوری 2021 میں اپنی ڈیجیٹل کرنسی ’لبرا‘ صارفین کو پیش کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک نے بالآخر اپنی ڈیجیٹل کرنسی کو ایک ماہ بعد یعنی جنوری 2021 کے پہلے ہفتے میں پیش کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ فیس بک کے سربراہ مارک زکر برگ گزشتہ برس سے اپنی ڈیجیٹل کرنسی ’لبرا‘ کو متعارف کرانے کے لیے سر توڑ کوشش کر رہے تھے۔
غیرملکی جریدے کے مطابق لبرا کی لانچنگ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرلیا گیا ہے لیکن جنوری 2012 میں بھی فیس بک کی جانب سے ڈیجیٹل کرنسی لبرا کا محدود ورژن ہی متعارف کرایا جا سکے گا۔
فی الحال فیس بک امریکی ڈالرز والی ڈیجیٹل کرنسی پیش کر رہا ہے تاہم بعد میں کسی وقت اس پروجیکٹ میں مزید کرنسیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
قبل ازیں فیس بک نے لبرا کو مختلف قیمتوں کے لحاظ سے ڈیجیٹل سکوں کی شکل میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب پالیسی میں تبدیلی ممکن ہے۔
لبرا کی پیشکش میں حائل رکاوٹوں میں سب سے بڑی مشکل اکتوبر 2019 میں پے پال، ماسٹر، ویزا اور ای بے وغیرہ کو خود کو فیس بک کی ڈیجیٹل کرنسی کے پروجیکٹ سے علیحدہ کرلینا تھا۔
مالیاتی کمپنیوں کے خود کو فیس بک ڈیجیٹل کرنسی کے پروجیکٹ سے علیحدہ کرنے کی وجہ سے لبرا کی لانچنگ میں تاخیر ہوئی تاہم اب جنوری 2012 میں محدود ورژن کے ساتھ لبرا صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔