لندن: فیس بک کی بعض پوسٹس سے معلوم ہوا ہے کہ وہ ایپل فون کی فیس آئی ڈی کی طرح ایک آپشن پیش کررہا ہے جس سے آپ فیس بک موبائل ایپ تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
انٹرنیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق اس کے لیے آپ کو ایک طرح کی ویڈیو سیلفی بنانی ہوگی اور چہرے کو مختلف سمتوں میں پھیرنا ہوگا۔ فیس بک نے وعدہ کیا ہے کہ اس طرح سے بنائی گئی ویڈیو کوئی اور نہیں دیکھ سکے گا اور ویڈیو سیلفی کا کلپ 30 روز کے بعد ازخود ڈیلیٹ ہوجائے گا۔ لیکن اب بھی بہت ساری فیس آئی ڈی کی مانند یہ کام نہیں کرتی۔ ان نظاموں میں پورے چہرے کو ریاضیاتی حوالے سے بیان کیا جاتا ہے۔ اسی لیے یہ کوئی باقاعدہ نظام نہیں ہوگا۔
فیس بک کے مطابق اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے آپ شناختی تصویر بھی اپ لوڈ کرسکتے ہیں تاہم بعض ویب سائٹ نے فیس بک سے بطورِ خاص خود پوچھا تو فیس بک انتظامیہ نے جواب دیا کہ ضروری نہیں کہ ویڈیو سیلفی کا آئی ڈی فیچر جلد ہی منظرِ عام پر آجائے کیونکہ فیس بک کے بہت سے منصوبے اب تک پیش نہیں کیے جاسکے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کسی نہ کسی مرحلے پر انہیں ختم کردیا جاتا ہے۔
دوسری جانب فیس بک ڈیٹا کی تشہیر، پرائیویسی کے مسائل اور جھوٹی خبروں کی اشاعت جیسے سنگین الزامات کی زد میں ہے۔ دوسری جانب فیس بک ویڈیو ڈیٹا کو بھی کسی تیسرے ادارے کے ہاتھوں میں دے سکتی ہے اور اسی بنا پر لوگ اس فیچر کو مسترد کرسکتے ہیں۔
ویڈیو سیلفی ہیکروں کے ہاتھ لگ جائے تو اس سے بھی ڈیٹا حاصل کیا جاسکتا ہے تاہم فیس بک نے کہا ہے کہ ویڈیو میں چہرے کو ہلتا ہوا دیکھ کر اسے بطور آئی ڈی استعمال کیا جاسکتا تاکہ جعلی اکاؤنٹس کی بھرمار کو کم کیا جاسکے۔