فیس بک انکارپوریٹڈ کا نام ’میٹا انکارپوریٹڈ‘ ہونے پر لوگ حیران

فیس بک انکارپوریٹڈ کا نام ’میٹا انکارپوریٹڈ‘ ہونے پر لوگ حیران


دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے 28 اکتوبر کو اپنی کمپنی کا نام تبدیل کرکے ’فیس بک انکارپوریٹڈ‘ سے ’میٹا انکارپوریٹڈ‘ رکھا تو دنیا بھر کے لوگ حیران دکھائی دیے۔

مارک زکربرگ کی جانب سے کمپنی کے نام کی تبدیلی کا اعلان ہوتے ہی ٹوئٹر پر ’میٹا‘ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا اور لوگوں نے مذکورہ معاملے پر طرح طرح کی میمز شیئر کیں۔

زیادہ تر لوگوں نے مزاحیہ میمز شیئر کیں اور بتایا کہ اب لوگ فیس بک کی غلطیوں کو بھول کر ’میٹا‘ میں کھو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک نے کمپنی کا نام تبدیل کردیا

کچھ صارفین نے میمز کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ فیس بک پر نفرت انگیز مواد اور غلط خبریں پھیلانے کے الزامات تھے، جس وجہ سے کمپنی کا نام بدنام ہو رہا تھا مگر اب وہی کمپنی نئے جذبے اور نئے نام ’میٹا‘ سے سامنے آئی ہے۔

کچھ صارفین نے نہ صرف کمپنی کے نام بلکہ اس کے لوگو پر بھی میمز شیئر کیں اور بتایا کہ میٹا کے لوگو سے انسپائر ہوکر دنیا بھر کے لوگ اسی جیسے ٹیٹوز جسم پر بنوائیں گے۔

بعض لوگوں نے لکھا کہ مارک زکربرگ نے فیس بک کے پیدا کردہ مسائل کو حل کرلیا اور کمپنی کو نیا نام دے دیا۔

بعض لوگوں نے یہ بھی کہا کہ مارک زکربرگ کچھ بھی کرلے، چاہے کمپنی کا نام بدل لے مگر انہیں کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔

کچھ صارفین نے لکھا کہ فیس بک کو پرائیویسی معاملے پر شدید تنقید کا سامنا تھا، اس نے پالیسی تبدیل کرنے کے بجائے نام ہی تبدیل کرلیا۔

لوگوں نے فیس بک کی پیرنٹ کمپنی کا نام تبدیل کیے جانے پر خوشگوار حیرت کا اظہار بھی کیا۔

صارفین نے کمپنی کا نام تبدیل ہونے پر ایسے میمز بھی شیئر کیے کہ فیس بک پر ہونے والی تنقید سے مارک زکربرگ کو بچنا بھی تھا اور اسے آگے بھی بڑھنا تھا، جس کی وجہ سے کمپنی کا نام تبدیل کرنا ضروری تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں