امریکی ریپر وِز خلیفہ کو رومانیہ میں منشیات کے استعمال کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وہ “بیچ پلیز! فیسٹیول” میں اپنی پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر منشیات پیتے ہوئے پکڑے گئے۔
فیسٹیول کی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں وِز خلیفہ کو اسٹیج پر منشیات پیتے اور بعد میں پولیس کی جانب سے گرفتار ہوتے دکھایا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک پریس ریلیز جاری کی اور وِز خلیفہ نے معافی نامہ بھی پیش کیا۔
36 سالہ ریپر کی گرفتاری کے بعد رومانیہ کے انسداد منظم جرائم کے پراسیکیوٹرز نے پریس ریلیز جاری کی جس میں اس رات کے واقعات کی تصدیق کی گئی۔
پریس ریلیز کے مطابق “کانسٹنٹا کاؤنٹی کے کوسٹینیستی ریزورٹ میں ایک میوزک فیسٹیول کے دوران ملزم کے پاس 18 گرام سے زیادہ چرس موجود تھی جو انہوں نے کرافٹ سگریٹ کی شکل میں استعمال کی۔”
واضح رہے کہ رومانیہ میں تفریحی استعمال کےلیے چرس کا استعمال غیر قانونی ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر ویڈیو میں دکھایا گیا کہ امریکی ریپر کو گرفتار کیا گیا اور بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا۔
وِز خلیفہ کی معذرت
“سی یو اگین” کے گلوکار وِز خلیفہ نے رومانیہ میں اپنی گرفتاری کے بعد مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر مداحوں سے معذرت کرلی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ “گزشتہ رات کا شو شاندار تھا، میرا مقصد رومانیہ کے ملک کی بےعزتی کرنا نہیں تھا، انہوں نے بڑی عزت سے مجھے رخصت کیا، میں یہاں دوبارہ آؤں گا، لیکن بغیر کسی منشیات کے ساتھ۔”