کراچی: معروف اداکار فیروز خان نے ماورا حسین کے ہمراہ کامیڈی فلم میں انٹری کی تیاریاں مکمل کر لیں۔
’’رانگ نمبر‘‘، ’’رانگ نمبر ٹو‘‘ اور ’’مہرالنساء لو یو‘‘ جیسی کامیاب کامیڈی فلمیں بنانے والے اداکار و ہدایت کار یاسر نواز ایک بار پھر کامیڈی اور تھرل سے بھرپور فلم کے ساتھ آرہے ہیں، کامیڈی کے تڑکے سے بھرپور اس فلم میں چھوٹی اسکرین پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے فیروز خان مرکزی کردار ادا کریں گے جب کہ اُن کے ہمراہ ماورا حسین بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔
یاسر نواز نے ایک ویب سائٹ کو انٹرویو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نئی آںے والی اس کامیڈی فلم میں فیروز خان اور ماورا حسین مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جب کہ مجھ سمیت جاوید شیخ اور احمد حسن معاون کردار ادا کریں گے۔
یاسر نواز نے فیروز خان کی کاسٹ کے حوالے سے بتایا کہ وہ اس کردار کے لئے بالکل موضوع ہیں۔ اور جہاں تک اداکارہ کی بات ہے تو میں ہمیشہ ہر فلم میں نئی اداکارہ کو سامنے لانے کے حق میں ہوں کیوں کہ اس سے قبل میں اپنی فلموں میں سہائے علی آبرو، ثناء جاوید اور نیلم منیر کے ساتھ کام کر چکا ہوں اس لئے اس فلم میں ماورا حسین کا انتخاب کیا گیا ہے۔
یاسر ںواز نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ اگلے سال جنوری میں شروع کی جائے گی جب کہ فلم عید الفطر پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔