پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ اداکار فیروز خان نے اسلامی سال نو کے آغاز کے ساتھ ہی صلاح کا سلسلہ شروع کیا، پہلے اپنے مداحوں کو سابق اہلیہ علیزے کو معاف کرنے کی درخواست کی اور اب فلم ساز شرمین عبید چنائے کے ساتھ جاری تنازع ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر یکم محرالحرام کو ٹوئٹ کرتے ہوئے پہلے اداکار نے اپنے مداحوں سے سابق اہلیہ کو معاف کرنے اور انہیں سپورٹ کرنے کی درخواست کی اور پھر اگلا ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ان پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کرنے والی سابق اہلیہ علیزے فاطمہ رضا گزشتہ چند دنوں سے ان کے ساتھ بہت مہربان ہیں کہ انہوں نے ان کا دل جیت لیا۔
تاہم اب عالمی شہرت یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے سے معافی کا مطالبہ کرنے والے اداکار فیروز خان نے صلاح کے اس سلسلے کو مزید آگے بڑھایا اور فلم ساز کے ہمراہ تمام تنازعات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
فیروز خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’شرمین عبید کے معاملے کو بھی ختم کرنا چاہتا ہوں، میں نے سیکھا ہے آزادی ایک نعمت ہے۔ یا اللہ آپ مہربان ہیں‘۔
فیروز خان کے مداحوں کی جانب سے اداکار کے اس عمل کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں نجی ایوارڈز کی تقریب میں اداکار کو نامزد کرنے کے خلاف ہدایت کار و فلم ساز شرمین عبید چنائے نے اپنا ماضی میں جیتا ہوا ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بعدازاں فیروز خان نے فلم ساز سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ شرمین عبید نے جھوٹے الزامات پر فوری ردعمل دیتے ہوئے ان کے خلاف نفرت آمیز مہم چلائی اور ان کا موقف جاننے کی کوشش بھی نہیں کی۔