پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان سوشل میڈیا پر سماجی کارکن، سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کے ساتھ الجھ پڑے۔
شنیرا اکرم نے حال ہی میں اداکار فیروز خان کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ اپنی بیٹی کو گود میں بٹھا کر گاڑی چلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
سماجی کارکن کی جانب سے شیئر کی گئی یہ انسٹا اسٹوری سوشل میڈیا پر فوراََ وائرل ہو گئی اور صارفین نے ملک میں ہونے والی ٹریفک کے قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں بحث کرنا شروع کر دی۔
اس اسٹوری کے وائرل ہونے کے بعد فیروز خان نے اپنی انسٹا اسٹوری میں خبیب نورماگومیدوف کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں ایک مقبول روسی ایم ایم اے فائٹر کو ایک بھورے ریچھ کے ساتھ ریسلنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ دنیا کا نمبر ایک فائٹر ہے!
اداکار نے شنیرا اکرم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس فائٹر نے اس تربیت کے دوران آپ یا اپنے والد کی بات نہیں سنی اور اپنا ٹیلنٹ ضائع نہیں کیا۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ میں گزشتہ 2 سال سے پاکستان پروفیشنل ریسنگ کمیونٹی کا حصّہ ہوں اور اس طرح کے معاملات کی حساسیت کو آپ سے کہیں زیادہ سمجھتا ہوں۔
فیروز خان نے لکھا ہے کہ مجھے میرا کام کرنے دیں اور آپ اپنا کام کریں، آپ کو سنا اور نظر انداز کر دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی اگلی انسٹا اسٹوری میں علامہ اقبال کے کچھ اشعار شیئر کرتے ہوئے شنیرا اکرم سے کہا ہے کہ ان اشعار کو سمجھنے میں وسیم بھائی آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔
شنیرا اکرم نے اپنی انسٹا اسٹوری میں فیروز خان کی اس وضاحت پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس طرح کی وضاحت کا کیا مطلب ہے۔
اُنہوں نے اداکار سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ براہِ کرم! مجھے جانوروں پر اس طرح کے وحشیانہ ظلم کی ویڈیوز بھیجنے سے گریز کریں۔
فیروز خان نے شنیرا اکرم کے اس ردِعمل کا جواب دیتے ہوئے لکھا ہے کہ میں نے پہلے ہی وسیم بھائی سے درخواست کی ہے کہ وہ اسے سمجھنے میں آپ کی مدد کریں کیونکہ آپ کو خود سے یہ سمجھ نہیں آئے گا، اسے سمجھنے کے لیے بہت ہمت کی ضرورت ہے۔
اُداکار نے اپنے فالوورز سے درخواست کی ہے کہ ہر کسی کی باتوں پر دھیان نہ دیا کریں۔
