فیاض چوہان کے بیٹے کے نمبروں میں تبدیلی کا معاملہ سنگین ہوگیا


لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے نمبروں میں تبدیلی کا معاملہ سنگین ہو گیا۔

راولپنڈی بورڈ میں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے پریکٹیکل نمبروں میں تبدیلی کس کے کہنے پر اور کیوں کی گی، سیکریسی برانچ کے کلرک سے چیئرمین تک 8 آفیسرز و ملازمین کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کے سیکریٹری ساجد ظفر نے راولپنڈی بورڈ میں بے ضابطگی کا اس انوکھے واقعے کاسخت نوٹس لیا اور ذمہ داروں کے تعین کرنے کے لیے اعلی سطح کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی منظوری کے بعد محکمہ ساجد ظفر نے نمبروں کی تبدیلی کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے گریڈ 20 کے سینئر آفیسرحسن اقبال کو تحقیقاتی آفیسر مقرر کر دیا۔

محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق جن آفیسرز اور ملازمین کو چارج شیٹ کیا گیا ان میں راولپنڈی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر غلام دستگیر، کنٹرولر امتخانات ملک محسن عباس، سیکریٹری ڈاکٹر تنویر ظفر سمیت ہیڈ ایگزیمنر پروفیسر سیلم رمضا، سیکریسی برانچ کے محمد مشتاق، زاہد محمود، طارق محمود اور محمد ظہور قریشی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ فیاض الحسن چوہان کے بیٹے فہد حسن کے فزکس پریکٹیکل کے نمبر 14 سے بڑھا کر 100 فیصد کیے گئےتھے، جیونیوز کی نشاندھی پر چیئرمین راولپنڈی بورڈ نے ابتدائی تحقیقات میں امیدوار کے نمبروں کی تبدیلی ثابت ہونے پر اضافی نمبر ختم کرکے اس کا نتیجہ جاری کردیا اورفائل بن کر دی۔


اپنا تبصرہ لکھیں