نامور پاکستانی اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ اور اداکارہ ہانیہ عامر نے بالآخر ٹی وی ڈرامے میں ایک ساتھ کام کرنے کے لئے ہامی بھر لی ۔
اس سپر اسٹار جوڑی کو ٹی وی ڈرامے میں ایک ساتھ دیکھنے کےلئے ان کے لاکھوں مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر ایک نجی ٹی وی کے ڈرامے ’ تیری میری کہانی ‘ میں ساتھ کام کریں گے۔
اس پروجیکٹ کے ذریعے فہد مصطفیٰ طویل عرصے کے بعد ٹی وی اسکرین پر بطور اداکار واپسی کر رہے ہیں ، جوکہ ان کے مداحوں کے لئے ایک بڑی خوشخبری ہے۔
واضح رہےکہ حال ہی میں فہد مصطفیٰ نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے ہانیہ عامر سے متعلق بھی گفتگو کی ۔
ان سے پوچھا گیا کہ وہ کون سی تین اداکارائیں ہیں جن کے ساتھ وہ کام کرنا پسند کریں گے؟ اس کے جواب میں فہد مصطفیٰ نے تین بار ’ہانیہ عامر‘ کا نام لیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ صرف ہانیہ عامر کے ساتھ ہی فلم کرنا چاہیں گے، ماہرہ کے بعد اگر کسی کے اندر اسٹار بننے کی صلاحیت ہے تو وہ ہانیہ عامر ہے، وہ بہت محنتی اداکارہ ہیں اور دل کی بہت اچھی ہیں۔
اس موقع پر فہد مصطفیٰ نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہانیہ عامر کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا، میں انہیں کافی سالوں سے کہہ رہا ہوں کہ تھوڑی بڑی ہو جاؤ پھر ایک ساتھ فلم کریں گے، پہلے وہ مجھے بہت چھوٹی لگتی تھی، لیکن اب بڑی ہوگئی ہیں اس لئے اب میں ان کے ساتھ نیا پروجیکٹ کرنے والا ہوں۔