اسمارٹ موبائل فون بنانے والی کمپنی شیاؤمی پاکستان کی مقامی کمپنی کے اشتراک سے آئندہ چند ماہ میں مقامی سطح پر اسمارٹ ٹیلی وژن بھی بنانا شروع کردے گی۔
ابتدائی طور پر امریکی جریدے ’بلوم برگ‘ نے اگست 2023 میں اپنی خصوصی رپورٹ میں بتایا تھا کہ شیاؤمی پاکستانی کمپنی ’ایرلنک کمیونی کیشن‘ کے اشتراک سے اسمارٹ ٹیلی وژن بنانے کا کام 2024 سے شروع کرے گی۔
’ایرلنک کمیونی کیشن‘ پاکستان اسٹارک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بھی رجسٹرڈ ہے اور مذکورہ کمپنی نے اپنے سرمایہ کاروں کو بتایا ہے کہ کمپنی جلد ہی اسمارٹ ٹیلی وژن بھی بنانا شروع کردے گی۔
مذکورہ کمپنی پاکستان میں شیاؤمی سمیت اس کے دیگر برانڈز کے فونز کی تیاری بھی کرتی ہے اور یہی کمپنی چینی کمپنی کی مقامی پارٹنر بھی ہے۔
ایئر لنک اور شیاؤمی کے درمیان اگست میں پاکستان کے اندر ٹیلی وژن بنانے پر اتفاق بھی ہوا تھا اور اب کمپنی نے اسٹاک مارکیٹ کو بتایا ہے کہ کمپنی جلد مقامی سطح پر شیاؤمی برانڈ کے اسمارٹ ٹیلی وژن بنانا اور فروخت کرنا شروع کردے گی۔
پاکستان میں دیگر ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی مقامی کمپنیوں کے اشتراک سے اسمارٹ ٹیلی وژن بناکر انہیں فروخت کرتی ہیں جب کہ شیاؤمی اس وقت تیزی سے مقبول ہونے والی چند کمپنیوں میں سے ایک ہے۔
شیاؤمی چین کی سب سے نمایاں اسمارٹ موبائل اور دیگر الیکٹرانک آلات تیار کرنے والی کمپنی ہے جو دنیا کے متعدد ممالک میں مختلف کمپنیوں کے اشتراک سے وہاں مصنوعات تیار کرتی ہے۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شیاؤمی برانڈ کے ٹیلی وژن پاکستان میں بننے کے بعد اسمارٹ ٹیلی وژن کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہونے سمیت روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان میں مقامی سطح پر شیاؤمی کے تیار کردہ ٹیلی وژن مارچ 2024 تک مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کردیے جائیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔