لندن: ماہرین نے موٹاپے کو روکنے اور اندھا دھند بسیارخوری کم کرنے کےلیے انجینیئرڈ آٹا تیار کیا ہے۔ اسے کھانے سے فوری طور پر پیٹ بھرنے کا احساس ہوتا ہے اور دوسری جانب اس سے خون میں گلوکوز کی سطح کو بھی معمول پر رکھا جاسکتا ہے۔
وجہ یہ ہے کہ آٹا بطورِ خاص چنوں، لوبیا اور دیگر اقسام کی دالوں سے اس طرح بنایا گیا ہے کہ وہ آٹے کی خاصیت برقرار رکھتا ہے۔ اس طرح یہ فوری طور پر شکم سیری کا احساس دینے کے ساتھ ساتھ ذیابیطس اور دل کے لیے بھی مفید ہے کیونکہ اس میں انتہائی مفید اجزا شامل ہیں۔
اسے معمول کے آٹے کی شکل دینے کے لیے پیسنے کے عمل کو خاص طور پر تبدیل کیا گیا ہے۔ اسے بطورِ خاص کنگز کالج لندن کے بایو ٹیکنالوجسٹ پیٹرایلِس نے تیار کیا ہے جن کی نگرانی میں دیگر ماہرین نے کام کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اس آٹے میں فائبر(ریشے) کی غیرمعمولی مقدارشامل ہے جو ہرلحاظ سے صحت کے لیے مفید ہے۔
ماہرین نے اس نئے آٹے کی صفرفیصد، 30 فیصد اور 60 فیصد مقدارکو روایتی گندم والے آٹے میں ملایا اور اسے بہت سے رضاکاروں کو کھلایا۔ کھانے والے تمام شرکا نے کہا کہ وہ تھوڑی خوراک سے سیر ہوئے ہیں اور ان کے خون میں گلوکوز کی مقدار بھی کم رہی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اس سبزیجاتی آٹے کو عام آٹے میں ملاکر بہت سے طبی اور غذائی فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔