فواد چوہدری کی توہین عدالت کی درخواست، ڈی جی پاسپورٹ سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری

فواد چوہدری کی توہین عدالت کی درخواست، ڈی جی پاسپورٹ سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری


اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی توہین عدالت کی درخواست پر ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے فواد چوہدری سے دریافت کیا کہ جی چوہدری صاحب، کیا مسلئہ ہو گیا ہے آپ کا؟ فواد چوہدری نے بتایا کہ 9 جولائی کے حکم کے مطابق پاسپورٹ رینیو کرنا تھا جو نہیں ہوا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ میں اس پر نوٹس کر دیتا ہوں، آپ نے کب جانا ہے؟ سابق وزیر نے جواب دیا کہ میں نے 10 اگست کو چین جانا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پاسپورٹ و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ آج ہی فواد چوہدری نے ڈی جی پاسپورٹ سمیت دیگر فریقین کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

9 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو 2 ہفتے کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی۔

واضح رہے کہ 5 جولائی کو ہونے والی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چوہدری پر سفری پابندی کی فہرست سے نام نکلوانے کی درخواست پر وزارتِ داخلہ کے نمائندے کو 9 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے بھی تھوک کے حساب سے نام سفری پابندی کی لسٹوں میں ڈال دیے ہیں، پتا نہیں کون کون سی لسٹیں بنا دی ہیں، فواد چوہدری کا سب کچھ اس ملک میں ہے تو وہ واپس کیوں نہیں آئیں گے؟


اپنا تبصرہ لکھیں