فواد خان نے کامیاب ڈراموں کا راز بھارت کو بتا دیا

فواد خان نے کامیاب ڈراموں کا راز بھارت کو بتا دیا


پاکستانی ڈراموں کے ہٹ ہونے اور شائقین کی جانب سے پسند کیے جانے کا راز سُپر اسٹار فواد خان نے بھارت کو بتا دیا۔

حال ہی میں فواد خان نے بھارتی میڈیا سے آن لائن گفتگو کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

دورانِ گفتگو بھارتی صحافی نے پاکستانی اداکار سے سوال کیا کہ پاکستانی ڈرامے اتنا ہٹ کیسے ہوتے ہیں؟ وہ کیا بات ہے جو بھارتی ڈراموں میں نہیں ہے؟ آخر کیوں پاکستانی ڈرامے بھارت میں اتنے پسند کیے جاتے ہیں؟

فواد خان نے بھارتی صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ جس طرح بھارت کی فلموں پر حکمرانی ہے، اسی طرح پاکستانی ڈراموں میں ماہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ سے ڈرامہ ہی وہ میڈیم رہا ہے جس کے ذریعے ہم کہانیاں پیش کرتے آئے ہیں، اس لیے ہم یہ سیکھ گئے ہیں کہ کیسے ڈرامے کے ذریعے اپنی کہانی پیش کرنی ہے اور اسے مزید بہتر کیسے بنانا ہے؟

انہوں نے کہا کہ جب ہم کسی چیز کو وقت دیتے ہیں اور شائقین بھی پسند کر رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم درست سمت میں صحیح کام کر رہے ہیں جیسا بھارت میں بالی ووڈ میں ہوتا ہے۔

اداکار کے مطابق بھارتی سنیما تقریباً گزشتہ ایک صدی سے کام کر رہا ہے اور کامیاب ہے، کیونکہ وہاں لوگوں نے اسے زیادہ وقت دیا ہے، اس پر زیادہ کام کیا ہے، اس لیے یہ ان کی طاقت بن گیا ہے۔

فواد خان کے مطابق بھارت کے رائٹرز فلموں کے ذریعے اپنی کہانی زیادہ بہتر انداز میں پیش کر سکتے ہیں، انہیں طویل انداز میں کہانی پیش کرنے کی عادت ہے، شاید اسی لیے جب ٹی وی کی بات آتی ہے تو اب ماضی کے برعکس رائٹرز ڈرامے کے اوپر سوپ کو ترجیح دیتے ہیں اور شاید اسی لیے شائقین اپنی دلچسپی کھو دیتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں