پاکستان شوبز انڈسٹری کے اسٹار اداکار فواد خان نے ساتھی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ کم کام کرنے کی وجہ بتا دی۔
فواد خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے شوبز کیریئر کے بارے میں بہت دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے ماہرہ خان کے ساتھ اسکرین پر کم نظر آنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر انسان کسی ایک شخص کے ساتھ بہت زیادہ کثرت سے کام کرتا ہے تو پھر اس کے کام کی زیادہ اہمیت نہیں رہتی۔
اداکار نے کہا کہ میرے اور ماہرہ کے درمیان احترام کا ایک خاص رشتہ ہے جس کی وجہ سے ہم ایک دوسرے کے ساتھ کام کرتے ہوئے بہت زیادہ احتیاط کرتے ہیں کیونکہ جن کے ساتھ آپ کا قریبی رشتہ بن جاتا ہے ان کے ساتھ زیادہ کام کرنے سے چیزیں بہت پیچیدہ ہوجاتی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ دوستی اور کام کو الگ رکھنا چاہیے، انسان ایسی صورتحال میں تھوڑا زیادہ محتاط اس لیے بھی ہوجاتا ہے کہ کہیں یہ محسوس نہ ہو کہ ہم اپنے فائدے کیلئے ایک دوسرے کو استعمال کر رہے ہیں۔