فلپائنی باکسر مینی پاکیاؤ کی ٹیم نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی جانب سے نومبر میں سعودی عرب میں مقابلے کے معاہدے کی تردید کر دی۔
عامر خان نے برطانوی میڈیا کو بتایا تھا کہ مینی پاکیاؤ کے ساتھ مقابلے کا معاہدہ طے پا چکا ہے اور فلپائنی باکسر کے ساتھ ان کی فائٹ 8 نومبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہو گی۔
مینی پاکیاؤ ہفتے کو لاس ویگاس میں امریکن باکسر کیتھ تھرمین سے مقابلہ کریں گے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ اگر مینی پاکیاؤ کیتھ تھرمین سے ہار بھی گئے تب بھی ان کی اور مینی پاکیاؤ کی فائٹ ہو گی۔
فلپائنی باکسر کے ترجمان فریڈ اسٹرن برگ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ مینی پاکیاؤ کا عامر خان کے ساتھ فائٹ کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک مجھے علم ہے تو عامر خان کے ساتھ مقابلے کے معاملے پر کوئی بات بھی نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ عامر خان نے چند روز قبل جدہ میں آسٹریلوی باکسر بلی ڈب کو چوتھے راؤنڈ میں ہی ناک آؤٹ کر کے 70 لاکھ پاؤنڈ کی انعامی رقم جیتی تھی۔
عامر خان اس سے پہلے بھی کئی بار فلپائنی باکسر مینی پاکیاؤ کے ساتھ مقابلے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔