بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان، جو ساؤتھ کی فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کرنے والی ہیں سپر اسٹار یش کے ساتھ فلم ’ٹاکسک‘ میں اہم کردار ادا کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ کئی مہینوں سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ کرینہ کپور کو ٹاکسک میں یش کے ساتھ ایک رومانوی مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے سائن کیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فلم میں اداکار یش کے ساتھ رومانوی مرکزی کردار اداکارہ کیارا اڈوانی کریں گی جبکہ اداکارہ کرینہ کپور خان ان کی بہن کا کردار ادا کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔
اس فلم کے متعلق ایک قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ بنیادی طور پر ایک بھائی بہن کی کہانی ہے جس میں یش اور کرینہ لازم و ملزوم بہن بھائیوں کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر پروجیکٹ کے آغاز سے ہی کرینہ کو ٹاکسک میں شامل کرنے کے خواہشمند تھے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مذاکرات جاری تھے۔ سب نے یہ سمجھا کہ کرینہ کو یش کی لیڈنگ لیڈی کے طور پر اس پروجیکٹ میں لایا جا رہا ہے جب کہ حقیقت میں کرینہ کو اس سے کہیں زیادہ طاقتور کردار کی پیشکش ہوئی تھی۔ وہ اس طرح پہلے کبھی نہیں دیکھی گئیں ہیں۔