نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو ’بیسٹ انٹرنیشنل فلم ایوارڈ‘ کا ایوارڈ ملنا ایک ناقابل یقین لمحہ ہے۔
ملالہ یوسف زئی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر ’انڈیپنڈنٹ اسپرٹ ایوارڈز‘ کی تقریب سے کچھ یادگار تصاویر اور ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایوارڈ کی تقریب میں فلم ’جوائے لینڈ‘ کے لیے’بیسٹ انٹرنیشنل فلم ایوارڈ‘ کا اعلان ہوتے ہی شرکاء تالیاں بجاتے ہوئے کھڑے ہوکر فلم کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں جبکہ تصاویر میں ملالہ اپنی فلم کی ٹیم اور تقریب میں شریک دیگر لوگوں کے ساتھ کیمرے کے لیے پوز دیتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔
اُنہوں نے یہ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے بہت فخر ہے کہ ہماری فلم’جوائے لینڈ‘ نے ’انڈیپنڈنٹ اسپرٹ ایوارڈز‘ میں ’بیسٹ انٹرنیشنل فلم ایوارڈ‘ اپنے نام کیا ہے!
اُنہوں نے لکھا کہ یہ پاکستانی فنکاروں، فلم کے وژنری مصنف اور ہدایت کار کے لیے ایک ناقابل یقین لمحہ ہے۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ مجھے بہت سارے پرانے اور نئے دوستوں کو دیکھ کر اور ان کے کام کی حوصلہ افرائی کرنے کے لیے اس تقریب میں شرکت کرنا بہت اچھا لگا۔
ملالہ یوسفزئی نے اپنی پوسٹ کے آخر میں انڈیپنڈنٹ اسپرٹ ایوارڈز جیتنے اور نامزد ہونے والوں کو مبارکباد بھی دی۔
واضح رہے کہ پاکستانی ہدایت کار صائم صادق کی اس فلم میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس فلم میں ملک میں پہلی بار ایک ٹرانس ویمن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی جدوجہد کی غیر جانبدارانہ داستان بیان کرتی اس فلم کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی۔