فلم’پٹھان‘ نے ریلیز سے قبل ہی 100 کروڑ کا بزنس کرلیا

فلم’پٹھان‘ نے ریلیز سے قبل ہی 100 کروڑ کا بزنس کرلیا


بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی تنازعات کا شکار فلم ’پٹھان‘ نے ریلیز سے قبل ہی 100 کروڑ بھارتی روپے کمالیے ہیں۔

شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ اپنے دو گانوں’بے شرم رنگ‘ اور جھومے جو پٹھان‘ کی ریلیز کے بعد سے مسلسل تنازعات کا شکار ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، تنازعات کا شکار ہونے کے باوجود بھی نامور اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’ایمزون پرائم‘ نے فلم کے او ٹی ٹی رائٹس تقریباََ 100 کروڑ بھارتی روپے میں خرید لیے ہیں جوکہ تقریباََ پاکستانی 270 کروڑ روپے بنتے ہیں۔

 رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس فلم کا ٹوٹل بجٹ تقریباََ 250 کروڑ بھارتی روپے ہے تو اس حساب سے فلم نے ریلیز ہونے سے پہلے ہی تقریباََ آدھا بجٹ وصول کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ پر مودی کے ہندوتوا بھارت میں انتہا پسندوں کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ہوم منسٹر نروتم مشرا نے فلم ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دیپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان جو لباس پہنے نظر آئے ان کے رنگوں پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور اسے صحیح کرنے کا مطالبہ کیا۔

جس کے بعد بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں فلم ’پٹھان‘ کے خلاف شدید مظاہرے ہوئے، ایک انتہا پسند ’ویر شیواجی گروپ‘ کے کارکنان نے سڑک کے ایک چوراہے پر جمع ہوکر اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اداکار شاہ رخ خان کے پتلے نذر آتش کیے۔

مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلم ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ نے ہندو برادری کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے، اس لیے فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ بھارتی میڈیا پر یہ خبر بھی سامنے آئی کہ ملک میں موجود انتہا پسندوں نے اداکارکو زندہ جلانے کی دھمکی دی ہے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی ایکشن سے بھرپور فلم ’پٹھان‘ کے ذریعے بڑی اسکرین پر 4 سال بعد واپسی ہو رہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں