فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم، عدالت کا متاثرین کو ادائیگی روکنے کا حکم


اچی: 

سندھ ہائیکورٹ نے فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کو رقم کی واپسی سے متعلق نیب کو آئندہ سماعت تک متاثرین کو رقم فراہم کرنے سے روکتے ہوئے متاثرین سے کلیم اور ویری فکیشن کا عمل جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔

جسٹس عمر سیال اور جسٹس ذوالفقار علی سانگی پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کو رقم کی واپسی سے متعلق معاملے کی سماعت ہوئی۔ حسیب جمالی ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ دو رکنی بینچ نے 19 مئی کو میکسم مارکیٹنگ کے مالکان کی درخواست ضمانت میں متاثرین کو 6 ماہ میں رقم واپسی کا حکم دیا تھا۔ ملزمان اور نیب نے غلط بیانی کرکے عدالت سے رقم کی تقسیم کا آرڈر کرایا۔ نیب اور میکسم مارکیٹنگ کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے، الاٹیز کا حق متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت تک متاثرین کو رقم فراہم کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے نیب کو متاثرین سے کلیم اور ویری فکیشن کا عمل جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کے منجمد اکاوئنٹس سے رقم کسی متاثرین کو نہ دی جائے۔

عدالت نے نیب چیئرمین و دیگر کو 22 جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیے۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کے منجمد اکاؤنٹس کھولنے سے متعلق درخواست میں عدالت نے الاٹیز کے کلیم جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

نیب کی جانب سے 22 جون کو نیب نے اخبار میں اشتہار دیا تھا جس میں الاٹیز کو کلیم جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ ابھی تک ایک بھی حقیقی الاٹی نے کلیم جمع نہیں کرایا۔ لہذا خدشہ ہے کہ فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کے اکاوئنٹس سے حقیقی الاٹیز کو پیسے نہیں مل سکیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں