فخر کی سنچری رائیگاں، انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دیدی


ساؤتھمپٹن: انگلینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 12 رنز سے شکست دے دی۔

انگلینڈ کے 374 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 361 رنز بناسکی۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو نے کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو 115 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

جونی بیئراسٹو 51 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ون ڈے بارش کی نذر ہوگیا

انگلینڈ نے 28.4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔

کچھ دیر بعد بارش رکنے کے باعث میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تو جیسن رائے 87 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ جوئے روٹ نے بھی 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد این مورگن اور جوز بٹلر نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور وکٹ کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور 373 رنز تک پہنچا دیا۔

جوز بٹلر نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے انگلینڈ کی جانب سے دوسری تیز ترین سنچری اسکور کی اور 55 گیندوں پر 110 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ این مورگن بھی 77 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

فخر زمان 138 رنزبناکر آؤٹ ہوئے جنہوں نے اپنی اننگز میں 6 چھکے اور 12 چوکے لگائے — فوٹو: پی سی بی 

انگلینڈ کے 374 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا ، دونوں بلے بازوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 92 رنز کی شراکت بنائی۔

امام الحق 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد آنے والے بابر اعظم اور فخرزمان نے محتاط انداز میں کھیل پیش کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 135 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی تاہم فخر زمان 138 رنزبناکر آؤٹ ہوئے جنہوں نے اپنی اننگز میں 6 چھکے اور 12 چوکے لگائے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ گرنے کے بعد بابر اعظم اورآصف علی نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن یکے بعد دیگرے کھلاڑی آؤٹ ہوتے رہے۔

آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 19 رنز درکار تھے تاہم کپتان سرفراز احمد کریز پر موجود ہونے کے باوجود ٹیم کو فتح نہ دلاسکے۔

قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 361 رنز بنائے اور اسے 12 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کی جانب سے فخرزمان 138، بابر اعظم اور آصف علی 51، 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان سرفراز 41 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کے ڈیوڈ ویلے اور لیام پلنکٹ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا


اپنا تبصرہ لکھیں