جسٹس فائز عیسٰی کو قتل کی دھمکیاں دینے والے ملزم نے سپریم کورٹ میں غیر مشروط معافی نامہ جمع کرادیا۔
جسٹس فائز عیسٰی کودھمکیاں دینے کے معاملے پر سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کیس میں مرکزی ملزم علامہ افتخارالدین مرزا نے غیر مشروط معافی نامہ سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے۔
ذرائع کے مطابق افتخار الدین مرزا نے مشروط معافی نامے میں کہا ہے کہ اپنے آپ کو عدالتی رحم وکرم پر چھوڑتا ہوں،میں نے ویڈیو بنائی نہ وائرل کی، عدالت کو تکریم کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں علامہ افتخارالدین مرزا کی جانب سے اعلیٰ عدلیہ اور ججز کے بارے میں توہین اور دھمکی آمیز زبان استعمال کی گئی ہے۔
عدالت عظمیٰ نے 25 جون کو اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد کی انسداددہشت گردی کی عدالت نے اسی معاملے پر ملزم آغاافتخار الدین کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کے حوالے کردیا۔
پولیس کی جانب سے ملزم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
عدالت نے ملزم کا طبی معائنہ کروا کر رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔
اُدھر دھمکی آمیز بیان کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والا اکبر نامی نوجوان بھی ایف آئی اے میں پیش ہوگیا ہے۔