عظیم اسلامی سلطنتِ عثمانیہ پر بننے والی مشہور تاریخی ترک سیریز ’کورولوس عثمان‘ میں ’عثمان بے‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے معروف تُرک اداکار براق اوزچیوت نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔
براق اوزچیوت نے اپنی انسٹا اسٹوری پر غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی دل دہلا دینے والی تصویر شیئر کی ہے۔
![غزہ کے اسپتال پر حملہ، ترک اداکار براق اوزچیوت کی شدید مذمت](https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2023-10-19/1280209_7785675_cap_updates.jpg)
اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ اسپتال پر بمباری کی کوئی وضاحت نہیں ہو سکتی، آج کے دور میں ایسا کیسے ہوسکتا ہے؟‘
براق اوزچیوت نے مزید لکھا ہے کہ میرا دل خوف ناک تصویروں کو برداشت نہیں کر سکتا۔
غزہ کے اسپتال پر بمباری
واضح رہے کہ غزہ کے الاہلی اسپتال پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے، بمباری سے اسپتال کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ میں موجود اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں 600 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
7 اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت جاری
فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک ہی روز میں مزید 433 فلسطینیوں کو شہید کر دیا جبکہ 13 ہزار فلسطینی زخمی ہیں۔