غریب و مستحق افراد کی مدد کیلئے جلد مفصل پروگرام کا اعلان کریں گے: وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں غریب اور مستحق افراد کی مدد و معاونت کے لیے جلد مفصل پروگرام کا اعلان کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان سے سرگودھا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو عوامی مسائل سمیت انتظامیہ اور پولیس سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے ممبران قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی کو مکمل طور پر غیر سیاسی بنانا اور پبلک سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا منشور ہے، سرکاری اہلکاروں کی جانب سے عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی روش کسی صورت قابل قبول نہیں۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ عوامی نمائندے بدعنوانی، رشوت خوری اور اقربا پروری میں ملوث عناصر کی نشاندہی کریں، منتخب نمائندے عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کو یقینی بنانے کے لیے متحرک کردار ادا کریں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری اجلاسوں کی آڑ میں عوام کو گھنٹوں انتظار کرانے کی روش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، سرکاری افسران عوام کے لیے اوپن ڈور پالیسی پر من وعن عمل کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں غریب اور مستحق افراد کی مدد و معاونت کے لیے مفصل پروگرام کا اعلان جلد کیا جائے گا، نوجوانوں کو ہنر سکھانے، زراعت کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں