اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ حکومت غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہرحد تک جائے گی۔
وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت غریب اور تنخواہ دارطبقےکو مہنگائی سےریلیف دلانے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی ثانیہ نشتر، چئیرمین یوٹیلیٹی اسٹورز ذوالفقارعلی خان و دیگر شریک ہوئے جب کہ اجلاس میں مہنگائی سے ریلیف اور اشیائےضروریہ کی سستے نرخوں پر فراہمی کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام، خصوصاً غریب اور تنخواہ دار طبقہ ہے، غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت ہرحد تک جائے گی۔
یاد رہےکہ وزیراعظم نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات کا اعلان کیا ہے، عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنےسے متعلق وزیرِاعظم کے فیصلوں کا اعلان کل کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔
کم آمدنی والوں کے لیے 15 ارب روپےکی سبسڈی کا فیصلہ
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ حکومت نے کم آمدنی والوں کے لیے 15 ارب روپےکی سبسڈی کا فیصلہ کیا ہے جس کےلیے یوٹیلٹی اسٹورز کو 15 ارب کا پیکیج دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بی آئی ایس پی کے ذریعے مستحقین کو راشن کارڈز دیے جائیں گے اور یوٹیلٹی اسٹورز کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی بڑھائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اس سلسلے میں ای سی سی کے لیے سمریز جلد بنانے کی ہدایت کی گئ ہے جس کی کابینہ سے حتمی منظوری لی جائے گی۔