عوام تیار ہو جائیں، حکمرانوں کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے: آصف زرداری


سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عوام تیار ہو جائیں، حکمرانوں کو گھر بھیجنے کا وقت آ گیا ہے۔

گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ میں نے کہا تھا ہمیں ان کی نیت پر شک ہے، یہ ہماری 18 ویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ یہ 18 ویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں، کل تک ان کے وزراء کہتے تھے 18 ویں ترمیم رول بیک نہیں کریں گے لیکن آج یہ 18 ویں ترمیم ختم کرنے کے درپے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’وہ وقت آگیا ہے کہ اب اسلام آباد کی طرف کوچ کریں اور ان کو اسلام آباد سے نکالیں، جب سے یہ آئے ہیں ڈالر 40 روپے بڑھ گیا ہے اور ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے، آج جو مہنگائی ہے اس میں غریب زندگی نہیں گزار سکتا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہے میں جیل میں ہوں یا باہر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پیپلزپارٹی اب ان کو نکال باہر کرے گی، اب ان کو مزید وقت نہیں دیا جاسکتا، ان لوگوں کو حکومتی ایوانوں سے نکالنا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ مجھے حکومت کا شوق نہیں ہے لیکن یہ پاکستان کو 50 سال پیچھے لے گئے ہیں، اگر یہ رہے تو ملک 100 سال پیچھے چلے جائے گا۔

سابق صدر نے کہا کہ حکمرانوں سے چھٹکارے کا اس کے علاوہ کوئی طریقہ نہیں ہے، ہم ان لوگوں کی طرح کا دھرنا نہیں دیں گے کہ شام کو واپس گھر چلے جائیں ، ہم سڑکوں پر لیٹے رہیں گے اور انہیں نکال کر واپس آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا آپ سے وعدہ ہےکہ ہم انہیں نکالیں گے، اپنے صبر کا پیمانہ لبریز نہ کریں، بہت جلد انہیں نکالنے کی تحریک چلائیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں