وزیردفاع خواجہ آصف نے عمران خان کی جانب سے حکومت کی مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا موسم تبدیل ہورہا ہے، ان کا رویہ غیرسیاسی ہے لیکن سابق وزیر اعظم کے دل میں کوئی ہمدردانہ گنجائش پیداہورہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملٹری اسٹیبلشمٹ سے مذاکرات پی ٹی آئی کی خواہش ہے، اسٹیبلشمٹ ہی ہمیشہ پی ٹی آئی کی کفیل رہی ہے، پی ٹی آئی کو مذاکرات کی حکومتی پیشکش اب بھی برقرار ہے۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن سیاسی نہیں، قومی معاملہ ہے، ساتھ ہی انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا آپریشن ’عزم استحکام‘ کی حمایت کرےگی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آپریشن مخالف کوئی بات نہیں کی تھی، ان کا طرز عمل اس وقت بھی مثبت تھا،اب بھی ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ذرائع کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ آج عمران خان نے حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ ملکی مسئلہ ہے، ملک کی خاطر اس میں شرکت کریں گے۔
آپریشن عزم استحکام کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور ہمارا وزیر خارجہ افغانستان کیوں نہیں گیا ؟ جب تک افغانستان سے تعلقات بہتر نہیں ہوتے ہم کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے نہیں جیت سکتے، جب تک افغان حکومت سے تعاون نہ ملے، آپ یہ جنگ نہیں جیت سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ آپریشن کریں گے، طالبان بھاگ کر افغانستان کے اندر چلے جائیں گے، جب تک افغان حکومت ساتھ نہ دے 2500 کلومیٹر طویل بارڈر پر یہ جنگ جیتنا ممکن نہیں، ہمارے دور میں این ڈی ایس اور غنی حکومت آپس میں ملے تھے، میں اس کے باوجود افغانستان گیا اور بات چیت کی۔