سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین، سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر پاکستان کےخلاف گھناؤنی سازش کر رہے ہیں، وہ قوم کو تقسیم کر رہے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں اہم ہے، شہید ذوالفقار بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بانی تحریک انصاف جیل میں بیٹھ کر پاکستان کےخلاف گھناؤنی سازش کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی شیخ مجیب کی حمایت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس واقعے پر سیاست کر رہے ہیں جس میں ملک دولخت ہوا، بانی کی لڑائی کسی سیاسی جماعت سے نہیں پاکستان سے ہے، ایڈٹ ویڈیو کے ذریعے آپ ان اداروں کو بدنام کر رہے ہیں جن کی بیساکھوں کے سہارے آپ نے اپنی سیاست کی، جن کے آپ پر ، آپ کی نسلوں پر احسانات ہیں، آپ ایک احسانات فراموش ہو عمران خان، وہ چاہتے ہیں کہ ادارے ان کے کہنے پر چلیں ورنہ ہم ان کے ساتھ یہ سب کریں گے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کل سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر ایک ویڈیو لگائی جس میں مجیب الرحمٰن کو قومی ہیرو کہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ شخص پاکستان کو نقصان پہنچاناچاہتا ہے، ایک شخص جیل میں بیٹھ کر حکومتیں بنا رہا ہے، ٹکٹیں بانٹ رہا ہے، 1971 کے سانحہ پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کر رہا ہے، 1971کےحالات وواقعات کومنفی انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کی لڑائی سیاسی جماعتوں، کسی فوجی جنرل یا ادارے سے نہیں، پاکستان سے ہے، ملک کے اداروں کو بدنام کیا جارہا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نےلوگوں کےقرضےمعاف کرکےمعیشت کونقصان پہنچایا، یہ شخص ہم پر تھوپا گیا ہے، پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، بھارتی شہری بانی پی ٹی آئی کو فنڈنگ کر رہے ہیں۔