گلوکار علی سیٹھی ’ایک شام‘ میں پاکستان کی لیجنڈری گلوکارہ فریدہ خانم کو خراجِ عقیدت پییش کریں گے۔
سلمان صوفی فاؤنڈیشن جو خواتین بائیکنگ پروگرام ’وومن آن وہیلز‘ کے نام سے جانا جاتا ہے حال ہی میں اس فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک دلچسپ اقدام کیا جارہا ہے جس کا نام ’ایک شام‘ ہے۔
’ایک شام‘ کے انعقاد کا بنیادی مقصد پاکستان کے ماضی کے لیجنڈری فنکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
سلمان صوفی فاؤنڈیشن کے مطابق ’یہ اقدام پاکستانی فنکاروں کی موسیقی کی ثقافت کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں‘۔
فاؤنڈیشن کے مطابق ’ایک شام کے ذریعے ہر دو ماہ بعد پاکستان کے فنکار الحمرہ آرٹ سینٹر میں پرفارم کریں گے جب کہ موسیقی، فلم اور ٹیلی ویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستانی لیجنڈری فنکاروں کے سامنے نئے فنکار ان کے یادگار گانے پرفارم کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کریں گے‘۔
علاوہ ازیں ایک شام میں شرکت کرنے والے لیجنڈری فنکاروں کے ساتھ سوال و جواب کے ایک سیشن کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
’ایک شام‘ میں پاکستانی کلاسیکل نوجوان گلوکار علی سیٹھی نے تعاون کیا ہے اور وہ اس پروگرام میں سب سے پہلے پرفارم کریں گے۔
ایک شام کا آغاز گلوکار علی سیٹھی پاکستان کی لیجنڈری گلوکارہ فریدہ خانم کو رواں سال 4 مارچ کو خراجِ عقیدت پیش کرکے کریں گے۔
اس حوالے سے علی سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’شکر گزار ہوں کہ اپنی استاد اور متاثر کُن فنکار شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کروں گا، یہ برصغیر کا حقیقی خزانہ ہیں‘۔