سابق وفاقی وزیر و سربراہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز پرویز خٹک نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور بھڑکیں مارتے رہتے ہیں۔
نوشہرہ میں منعقد تقریب میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہوں یا کوئی بھی ہوں، گواہی کے لیے بلایا گیا تو حق کی گواہی دوں گا۔
انہوں نے بتایا کہ جو دیکھا ہے، جو میرے سامنے واقعات پیش آئے ہیں، سب بتانے کے لیے تیار ہوں۔
پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ علی امین بھڑکیں مارتے رہتے ہیں، علی امین بھی اس وقت کابینہ کا حصہ تھے ان کو بھی گواہی دینی چاہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں اللہ تعالی کی ذات کے علاوہ کسی سے نہ پہلے ڈرا ہوں نہ اب ڈرتا ہوں، نیب کے نوٹس ملتے آئے ہیں، قانون کے مطابق مقابلہ کیا ہے، خیبرپختونخوا میرا صوبہ اور علاقہ ہے کوئی مائی کا لال مجھ کو نہیں روک سکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے پرویز خٹک کو دھمکی دی تھی کہ اگر انہوں نے عمران خان کے خلاف گواہی دی تو انہیں خیبر پختونخوا میں رہنے نہیں دیں گے۔
5 جولائی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کیس میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک، ان کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اور زبیدہ جلال کو طلب کرلیا تھا۔
یاد رہے کہ 17 جولائی 2023 کو پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کی بنیاد رکھی تھی۔