علیم ڈار 25-2024 کے ڈومیسٹک سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہوجائیں گے


ماضی میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ممتاز پاکستانی امپائر علیم ڈار 25-2024 کے ڈومیسٹک سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔

علیم ڈار کا شاندار اور باوقار کریئر ایک چوتھائی صدی پر محیط ہے، میدان میں اور میدان کے باہر ایک حقیقی جنٹلمین کے طور پر دیکھے جانے والے علیم آئی سی سی امپائر آف دی ایئر (2009-2011) کیلئے ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی کے 3 بار فاتح بھی ہیں۔

56 سالہ علیم نے 1986 سے 1998 کے درمیان 17 فرسٹ کلاس اور 18 لسٹ اے میچز کھیلے۔ انہوں نے 1998 کی قائداعظم ٹرافی کے دوران فرسٹ کلاس امپائرنگ کا آغاز کیا۔ 2003 سے 2023 تک انہوں نے امپائرز کے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں خدمات انجام دیں جہاں انہوں نے اپنی انتظامی مہارت، کھیل کے حالات کی سمجھ بوجھ ، پرسکون رویے اور شاندار فیصلہ سازی کیلئے عالمگیر شہرت حاصل کی۔

وہ ان دنوں پی سی بی کے ایلیٹ پینل کا حصہ ہیں اور آئی سی سی کے بین الاقوامی پینل کے چار پاکستانی امپائرز میں سے ایک ہیں جس کی وجہ سے وہ ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی20 انٹرنیشنل میں امپائرنگ کے اہل ہیں۔

علیم ڈار نے ابتک ریکارڈ 145 ٹیسٹ، 231 ون ڈے انٹرنیشنل، 72 ٹی20 انٹرنیشل، 5 ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل، 181 فرسٹ کلاس میچز، اور 282 لسٹ اے میچز میں امپائرنگ کی ہے۔

عظیم امپائر کا ریٹائر ہونے کے اپنے فیصلے پر کہنا ہے کہ تقریباً 25 سال سے امپائرنگ میری زندگی رہی ہے اور میں نے اس نسل کے عظیم ترین کھلاڑیوں پر مشتمل چند انتہائی یادگار میچوں میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اپنے پورے کریئر میں، میں نے کھیلوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے اور دنیا کے چند بہترین میچ آفیشلز کے ساتھ کام کرنا اعزاز کی بات ہے تاہم تمام عظیم سفر بالآخر اختتام کو پہنچتے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ میں اپنے سماجی اور چیریٹی کاموں پر پوری توجہ مرکوز کروں۔


اپنا تبصرہ لکھیں