معروف بھارتی گلوکار کمار سانو کی بیٹی شینن کا کہنا ہے کہ میں نے عرفان خان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے اداکارہ بننے کا فیصلہ کیا۔
کمار سانو کی بیٹی شینن جلد ہی فلم ’چل زندگی‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کے لیے تیار ہیں۔
شینن نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ میرا اداکارہ بننے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، میں اداکارہ صرف اس لیے بنی کیونکہ میری کچھ سال پہلے سر عرفان خان سے ایک مختصر فون کال پر بات ہوئی تھی اور میں صرف ان سے فون پر بات کرنے پر ہی بہت خوش تھی، وہ میرے بارے میں تھوڑا بہت جانتے تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ عرفان خان نے مجھے اس کال پر ہونے والی گفتگو کے دوران اداکارہ بننے کا مشورہ دیا اور اداکاری سیکھنے کے لیے بھی کہا، میں عرفان سر کے ساتھ کام کرنا چاہتی تھی لیکن بدقسمتی سے ہم نے اُنہیں بہت جلدی کھو دیا۔
شینن نے کہا کہ میں اُنہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہوں، وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے میری حوصلہ افزائی کی اور مجھے اداکاری کرنے کا مشورہ دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ میں ناصرف عرفان کی پرستار ہوں بلکہ اداکار گووندا کی بھی مداح ہوں اور انہیں کی وجہ سے میں نے اداکاری کو سنجیدگی سے لیا۔
اداکارہ نے شاہ رخ خان اور ٹائیگر شیروف کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے کہ شینن کمار سانو نے لندن کی رائل اکیڈمی آف میوزک سے موسیقی کی تعلیم حاصل کی، 2018ء میں ان کا پہلا گانا ’اے لانگ ٹائم‘ ریلیز ہوا اور اسی سال انہیں ورسٹائل گلوکار سونو نگم کے ساتھ کام کرنے کا موقع بھی ملا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ابھی شینن ایک ٹی وی شو ’مسٹیکل اِن ہیریٹینس آف عدینہ حسن (Mystical Inheritance of Adina Hassan)‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔